پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار سلطان راہی کے صاحبزادے اور اداکار حیدر سلطان نے سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے اپنے والد سے متعلق دیے گئے ریمارکس پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں فردوس جمال نے سلطان راہی کی اداکاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس اداکاری کا ہنر نہیں تھا، بلکہ وہ صرف بلند آواز اور بھرپور توانائی کے ساتھ اداکاری کرتے تھے۔
اس بیان کے بعد حیدر سلطان نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے فردوس جمال اور پروگرام کے پروڈیوسر دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
حیدر سلطان نے کہا کہ میرے والد کے بارے میں غیر ضروری باتیں کی گئیں، فردوس جمال! آپ سینئر ہیں، ایک ٹی وی اداکار ہیں، لیکن آپ کون ہوتے ہیں میرے والد کے بارے میں اس طرح بات کرنے والے؟
انہوں نے کہا کہ سلطان راہی ایک عظیم اداکار اور بہترین انسان تھے، پوری دنیا ان کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے، آپ کی تنقید سے ان کی عظمت یا فن میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
حیدر سلطان نے فردوس جمال پر ذاتی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑھاپے میں آپ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے؟ آپ اپنی سوچ کھو بیٹھے ہیں، سلطان راہی نے اپنی محنت سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو زندہ رکھا اور اسے عروج بخشا۔
انہوں نے پروگرام کے پروڈیوسر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے ریمارکس نشر نہیں کرنے چاہیے تھے، خاص طور پر اس شخصیت کے بارے میں جس نے انہیں اپنے بیٹے کی طرح سمجھا۔