جنڈو اور موڈو جزائر کے درمیان ایک قدرتی راستہ ظاہر ہوتا ہے
ہر سال، جنوبی کوریا میں قدرت کا ایک حیران کر دینے والا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے جسے ’جندو سمندر کا الگ ہونا کہا جاتا ہے۔ صرف ایک مختصر گھنٹے کے لیے سمندر کا پانی پیچھے ہٹ جاتا ہے، جس سے ایک چھپا ہوا زمینی راستہ نکل آتا ہے۔
سال میں تقریباً دو بار سمندر اس طرح پیچھے ہٹتا ہے کہ جنڈو اور موڈو جزائر کے درمیان ایک قدرتی راستہ ظاہر ہوتا ہےجو تقریباً 2.8 کلومیٹر طویل اور 40 میٹر چوڑا ہوتا ہے۔ تقریباً ایک گھنٹے کے لیے لوگ پیدل اس راستے پر چل سکتے ہیں۔ یہ مظہر چاند کی کشش ثقل اور جوار بھاٹے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
یہ واقعہ اتنا مشہور ہے کہ اس پر ایک سالانہ میلہ بھی منعقد ہوتا ہے، جس میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی سیاح شرکت کرتے ہیں۔ جب ہزاروں لوگ سمندر کے اس راستے کو پیدل عبور کرتے ہیں، تو وہ دونوں طرف سمندر کی وسعتوں سے گھرے ہوتے ہیں، اور پانی کے بالکل کناروں پر موجود ہونے کے دوران وہ وہاں سے سمندری جڑی بوٹیاں اور سیپیاں جمع کرتے ہیں۔
یہ لہروں کے اتار چڑھاؤ کے سائنسی نظام کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ تب وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اور سورج کی کششِ ثقل ایک خاص ترتیب میں سیدھی آ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں پانی کا انتہائی شدید اتار چڑھاؤ پیدا ہوتا ہے اور جزیروں کو آپس میں جوڑنے والی زیرِ آب چٹان باہر نکل آتی ہے۔ایسا مارچ اور جون کے مہینوں کے درمیان ہوتا ہے، دنیا بھرسے سیاح اس منظرکو دیکھنے آتے ہیں۔