• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان،ضلع کونسل ارکا ن کا لوڈشیڈنگ کیخلاف سخت احتجاج

مردان (نامہ نگار) مردان ضلع کونسل کے اراکین بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اووربلنگ اور ایس ای واپڈا کے رویئے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اورشیخ ملتون ٹاؤن کے قریت مردان نوشہرہ روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک جام کر دی ۔مسلسل تین گھنٹے تک ٹریفک جام رہنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل کے جمعرات کو ہونے والے تیسرے اورآخری روز کے اجلاس میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا مسئلہ حل کرنے اور اراکین کے سوالات کے جوابات دینے کے لئے ایس ای واپڈا عبداللہ شاہ کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ لیکن اجلاس شروع ہونے پر جب وہ نہیں پہنچے اور دوبارہ انھیں فون کے زریعے آنے کی استدعا کی گئی تو ضلع کونسل کے ذرائع کے مطابق ایس ای واپڈا نے یہ کہہ کر اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا کہ وہ وفاق کا ملازم ہے اور صوبائی حکومت کے زیر نگرانی ضلعی حکومت کے سامنے جواب دہ نہیں ہے۔ جس پر ضلع کونسل کے اراکین مشتعل ہو گئے اور اسے ضلع کونسل کے بائیس لاکھ عوام کے منتخب نمائندوں کی ضلع کونسل کی تضحیک قرار دیا۔اس موقع پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے آپس میں ایکا کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کا مطالبہ کیا۔جس پر کنونئیر اسد علی خان نے اجلاس کی کارروائی رو ک دی اور اراکین اجلاس چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر ٹائر جلائے گئے اور ٹریفک جام کر دی گئی۔مظاہرین کا موقف تھا کہ جب تک ایس ای واپڈا اجلاس میں شرکت کے لئے نہیں آتے احتجاج جاری رہے گا۔ اس دوران مسلسل تین گھنٹے تک ٹریفک جام رہنے کے بعدایس پی آپریشن شفیع اللہ گنڈاپوراو اسسٹنٹ کمشنر خان محمد خان کی قیادت میں ایک جرگہ نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرکے انھیں ایس ای واپڈا کے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے دوبارہ اجلاس کی کارروائی کا آغا ز کیا تو کچھ دیر بعد ایس ای واپڈا عبداللہ شاہ بھی اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے۔ تاہم جرگہ کی استدعا پر کسی   بدمزگی   سے بچنے کے لئے قائم مقام کنوینئیر طارق عزیز نے اجلاس چند روز کے لئے ملتوی کر دیا۔اس موقع پر فیصلہ ہوا کہ جلد ہی ایس ای واپڈا کے ساتھ اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لئے تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔اراکین ضلع کونسل نے اجلاس میں شرکت کرنے پر ایس ای واپڈا اور مسئلے کے حل کے تعاون کرنے پر ایس پی آپریشن کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین