ٹھٹھہ(رپورٹ: شاہد صدیقی) امریکی قونصل جنرل کا یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کیے گئے مینگو پروسیسنگ پلانٹ کا دورہ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے ٹھٹھہ کے علاقے ٹنڈو حافظ شاہ میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی جانب سے فراہم کیے مینگو پراسیسنگ پلانٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ امریکی حکومت اندرون ملک اور بیرون ملک پاکستانی زرعی مصنوعات بشمول آم کی فروخت میں اضافے اوربین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کیلئے پر عزم ہے۔ پچھلے سال پاکستان نے امریکا کو 184 میٹرک ٹن آم برآمد کیا تھا جو کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا تھا۔ یو ایس ایڈ پاکستانی کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو جدید پراسیسنگ اور پیکیجنگ سہولتیں فراہم کرکے آم کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش میں معاونت کر رہا ہے یو ایس ایڈ ٹھٹھہ میں پاکستانی کاشتکاروں کو آموں کی درجہ بندی کیلئے جدید مشنری بھی فراہم کر رہی ہے شروع میں اس منصوبے کے ذریعہ یو ایس ایڈ پاکستانی آم کے علاوہ سبزیوں، کینو اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائرکٹر ڈینسی ہربال اور صوبائی ڈپٹی ڈائرکٹر پیٹرک بریڈی بھی موجود تھے۔