اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) بارش کے باعث شہر اقتدار کے کئی تعلیمی اداروں کی حفاظتی دیواریں گرنے سے طلباء وطالبات کے والدین میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے، والدین نے وفاقی وزیرِ تعلیم، سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر کے تعلیمی اداروں کے اطراف موجود حفاظتی دیواروں کے معائنے کی مہم شروع کی جائے۔ حالیہ بارشوں کے باعث کمزور اور خستہ حال دیواروں کی فوری مرمت اور ازسرِنو تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔سکولوں کے باہر فٹ پاتھ اور اطراف کے علاقوں سے روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات گزرتے ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث کمزور دیواروں کے گرنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جس سے اسکول آنے جانے والے بچوں اور شہریوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی بانڈری والز، فٹ پاتھوں اور اطراف کے حفاظتی انتظامات کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے اور جہاں دیواریں خطرناک یا خستہ حال ہیں وہاں فوری طور پر مرمت یا ازسرِنو تعمیر کا کام مکمل کیا جائے۔والدین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔