اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ و ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک ابرار احمد نے ڈھوک بنارس روڈ کے اہم ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ 5 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ سے مکمل کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوٰۃ و عشر پنجاب ملک افتخار احمد اور رکن صوبائی اسمبلی ملک منصور افسر بھی موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار احمد نے کہا کہ عوامی خدمت، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رینج روڈ تا ڈھوک بنارس اور ملحقہ علاقوں میں سڑک کی ازسرنو تعمیر اور نکاسیِ آب کے مؤثر نظام کے قیام سے دیرینہ سفری اور نکاسی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو گئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری ملک افتخار احمد کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کا سفر بلا تعطل جاری رہے گا، اور علاقے کے بنیادی مسائل کا حل ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں علاقائی عمائدین، پارٹی کارکنوں اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔