بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے اپنے 5 سالہ بیٹے اویان آزاد ریکھی سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔
دیا مرزا نے سوہا علی خان کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے کو پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے کی تعلیم دی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ایک مرتبہ بیٹے نے ناریل پانی فروخت کرنے والے شخص کو پلاسٹک کے تھیلے میں مشروب دیتے دیکھا تو اسے پلاسٹک کے استعمال پر ٹوک دیا۔
واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے دیا مرزا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کو اپنے بیٹے کے ایک بڑے شخص سے اس انداز میں بات کرنے پر فخر نہیں کرنا چاہیے تھا۔
حالیہ انٹرویو میں دیا مرزا نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مجھے جانتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ میں لوگوں کے ساتھ کس طرح پیش آتی ہوں، اس لیے مجھے یہ وضاحت دینے کی ضرورت نہیں کہ میں انسانوں کے ساتھ کیسے برتاؤ کرتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ بچے نے صرف ناریل کو پلاسٹک کے تھیلے میں دیکھا اور فوراً پہچان لیا کہ یہ ایسی چیز ہے جسے ان کے گھر میں استعمال یا فروغ نہیں دیا جاتا۔
دیا مرزا کے مطابق بیٹے نے اسی آگاہی کی بنیاد پر دکاندار سے پلاسٹک کا تھیلا واپس لینے کو کہا تھا، کیونکہ ان کے گھر میں پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ بیٹے کا مقصد کسی کی بے عزتی کرنا نہیں تھا بلکہ وہ وہی بات دہرا رہا تھا جو اسے گھر میں سکھائی گئی ہے، یہ واقعہ بے ادبی نہیں بلکہ ماحولیاتی آگاہی کا اظہار تھا۔