ترکیہ نے صدر رجب طیب اردوان کو ہدف بنانے والے اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور بہتان قرار دے دیا۔
اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے بیان کو نازی پروپیگنڈا مشین سے تشبیہ دی گئی ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیلی بیان نیتن یاہو کی حکومت کی بزدلانہ اور بدعنوان ذہنیت کا عکاس ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کا ارتکاب کرنے والی نیتن یاہو کی حکومت قانونی اور سیاسی دونوں محاذوں پر اپنی بے گناہی کا دعویٰ برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیلی حکومتی ادارے گوئبلز کی پروپیگنڈا مشین کی طرز پر کام کر رہے ہیں، عالمی برادری اب نیتن یاہو کی حکومت کے جھوٹ پر یقین نہیں کرتی۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے نیتن یاہو کی حکومت کے جرائم کے خلاف دیانت دارانہ اور پُرعزم مؤقف اختیار کیا ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ ترکیہ آئندہ بھی سچ کا دفاع اور اسے بیان کرتا رہے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے ترک صدر اردوان کو اسرائیل مخالف مؤقف اپنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔