وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ نئے صوبے لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر نہیں بننے چاہئیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی میں بات کریں گے کہ نئے صوبوں پر قومی اسمبلی میں بحث کا آغاز کریں۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ نئے صوبے لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر نہیں بننے چاہئیں۔ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہئیں، جنوبی پنجاب صوبے کا سرائیکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر دوسرے صوبوں میں نئے انتظامی یونٹوں کے حوالے سے بات ہورہی ہے تو اسے بھی قومی بحث کا حصہ بنانے میں حرج نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے یونٹوں کے حوالے سے کراچی کے عوام سے شفافیت کے ساتھ رائے لی جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی چوری ہے، 14ہزار فیڈرز میں سے 3 ہزار 400 فیڈرز میں بجلی چوری ہوتی ہے۔ اگر بجلی چوری والے فیڈرز میں لوڈشیڈنگ نہ کریں تو گردشی قرضے بڑھ جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک سال میں فیڈرز سسٹم کو ٹرانسفارمر سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے، اس کی وجہ سے صرف بجلی چوری کرنے والے ہی لوڈشیدنگ کی سزا پائیں گے۔