بھارتی ریپر، گلوکار، گیت نگار، میوزک اور مووی پروڈیوسر ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشاہ کی اہلیہ ایشا ریکھی نے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں اور بگ باس 20 میں شرکت کی قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی اور کہا یہ سن کر حیرت ہوتی ہے۔
پنجابی اداکارہ ایشا ریکھی نے بالآخر بادشاہ کے ساتھ اپنی علیحدگی سے متعلق جاری افواہوں پر ردِعمل کا اظہار کر دیا، تاہم وہ اپنے رشتے کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھنے کے لیے تیار نہیں۔
ایشا ریکھی اور بادشاہ چار سال ریلیشن میں رہے جس کے بعد انہوں نے ایک نجی تقریب میں اس برس کے اوائل میں شادی کر لی تھی۔ ان کی شادی کی خبر مارچ 2026 میں اس وقت سامنے آئی جب ایشا ریکھی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کیں۔
ہفتے کی دوپہر ایشا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب جمعہ کی رات بگ باس 20 کا ایک پرومو جاری کیا گیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ شاید ایشا بھی شو کا حصہ ہوں گی۔
ایشا ریکھی نے اپنی شادی سے متعلق جاری افواہوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی پر کوئی تفصیل بیان نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں ان کی شادی اور علیحدگی سے متعلق خبریں دیکھ کر انہیں حیرت ہوئی۔
اپنے انسٹاگرام پر انھوں نے لکھا: میری شادی کے حوالے سے بہت سی افواہیں زیرگردش ہیں۔ بعض حلقوں میں شائع ہونے والی خبریں پڑھ کر مجھے حیرت ہوتی ہے۔ عام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اس وقت تک کسی خبر یا بات پر یقین نہ کریں جب تک میرے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے سامنے نہ آئے۔
حال ہی میں بگ باس 20 کا ایک پرومو جاری کیا گیا، جس میں ایک پراسرار خاتون کنٹسٹنٹ کو اپنے ایک تکلیف دہ رشتے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ خاتون کا چہرہ دھندلا کرکے دکھایا گیا ہے۔ شو کے بنانے والوں نے ابھی تک اس خاتون امیدوار کی شناخت ظاہر نہیں کی، جبکہ ایشا ریکھی یا شو کی جانب سے بھی اس بات کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی کہ وہ بگ باس 20 کا حصہ ہیں۔ اس کے باوجود بہت سے ناظرین کا خیال ہے کہ پرومو میں چہرہ چھپانے والی خاتون ممکنہ طور پر ایشا ہی ہیں۔
بادشاہ اور ایشا ریکھی نے سوشل میڈیا پر ایک جیسے بیانات جاری کرتے ہوئے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ دونوں نے لوگوں سے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر مزید کوئی گفتگو نہیں کریں گے۔
یہ بادشاہ کی دوسری شادی ہے جو طلاق پر ختم ہوئی ہے۔ اس سے قبل بادشاہ نے 2012 میں جیسمین مسیح سے شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں جنوری 2017 میں ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ تاہم دونوں 2020 میں الگ ہو گئے۔ جیسمین اب اپنی بیٹی کے ساتھ لندن میں رہتی ہیں۔