• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت 8 ملکوں کی اسرائیلی وزراء کے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان سمیت 8 ملکوں نے اسرائیلی وزراء کے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیے اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔

ان ممالک نے فلسطینیوں کے جائز حقوق کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں مسترد کردی ہیں۔

اس حوالے سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا اٹوٹ حصہ ہے، غزہ اور مغربی کنارے سمیت مقبوضہ بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی سرزمین کا اتحاد برقرار رکھا جائے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے، فلسطینیوں کو بےدخل کرنے کی کوششیں خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پاکستان سمیت 8 ملکوں نے فلسطینیوں کی جبری بےدخلی کی کسی بھی کوشش یا منصوبے کو مسترد کردیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بےدخل کرنے کے منصوبے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور مقبوضہ بیت المقدس ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید