کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ / چانسلر سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ہر شعبہ تعلیم میں مصنوعی ذہانت (AI) سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جامعات کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کی سالانہ آئی ٹی ایکسپورٹس 25 ارب ڈالر سے تجاوز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور چانسلرز سے ملاقات کے دوران کیا ۔ سرکاری و نجی جامعات کے نمائندگان نے فنڈنگ، سولر پینلز کی تنصیب، ریٹائرمنٹ کے بعد فیکلٹی کی دوبارہ تعیناتی، فیکلٹی کے ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ جدید تعلیم سے آراستہ نوجوان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے ضامن ہیں۔ ریگولیٹری باڈیز کو جامعات کو مزید موثر انداز میں سہولتیں اور معاونت فراہم کرنا ہوگی، آئی ٹی ایکسپورٹس کے ہدف کے حصول میں جامعات اور نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔ سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز اور نجی جامعات کے چانسلرز کی تجاویز و سفارشات پر جلد عمل درآمد کی بھرپور کوشش کروں گا۔ گورنر سندھ نے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو جامعات کے مسائل کے حل کے لئے جامع فریم ورک کی تیاری میں تعاون کی ہدایت دی ۔