نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے میر رضا کا کرپٹو کرنسی کا ڈیٹا حاصل کر لیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کا کرپٹو کرنسی کا 6 ماہ کا ڈیٹا حاصل کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جوڈیشل کمیشن کو بھی سی ڈی آر کی طرز پر ڈیٹا جمع کروا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے این سی سی آئی اے سے ڈیٹا اینالیسز کی درخواست کی، ڈیٹا اینالسز سے معلوم ہو سکے گا کہ 6 ماہ تک روزانہ کتنی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
تفتیشی ذرائع نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر کل تک پولیس کو ڈیٹا تجزیہ کر کے دے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا۔
وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی تھی، اس کے سینے میں گولی لگی تھی، لاش ملنے سے 1 روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔
مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح ہونا تھا اور وہ اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔