انصار عباسی
اسلام آباد :…حساس قومی ڈیٹا کے تحفظ کیلئے ڈیجیٹل خودمختاری ، سول عسکری قیادت کا بڑا اقدام ،ملک کو اربوں ڈالرزفائدہ پہنچنے کی توقع، اقدام سے ٹیکنالوجی کی برآمدات بڑھانے اور درآمدات محدود کرنے میں بھی مدد ملے گی، پاکستان میں تیار کردہ مسابقتی اسمارٹ فون بھی اہداف میں شامل، ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، مقامی صنعتوں کو مدد مل سکتی ہے،سرکاری ذریعہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل خودمختاری کا مطلب مکمل طور پر غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کی بجائے پاکستان اپنی اہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز خود تیار کرنے، چلانے اور ان پر کنٹرول رکھنے کی صلاحیت حاصل کرے۔تفصیلات کے مطابق سول اور عسکری قیادت کے درمیان قریبی ہم آہنگی کے تحت حکومت نے ڈیجیٹل خودمختاری کو اپنے قومی ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی نکتہ بنا دیا ہے اور مقامی تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، حساس قومی معلومات کے تحفظ اور درآمدی ٹیکنالوجیز پر انحصار کم کرنے کیلئے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایک سرکاری ذریعہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سادہ الفاظ میں ڈیجیٹل خودمختاری کا مطلب یہ ہے کہ مکمل طور پر غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کی بجائے پاکستان اپنی اہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز خود تیار کرنے، چلانے اور ان پر کنٹرول رکھنے کی صلاحیت حاصل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پاکستان کو درآمدات اور برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کا فائدہ بھی ہوگا۔ اس کا مقصد سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے سے آگے بڑھ کر ڈیٹا سینٹرز، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیمی کنڈکٹر چپس، سافٹ ویئر اور جدید الیکٹرانکس کے شعبوں میں ملکی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ذریعہ نے بتایا کہ کیٹاپلٹ بنیادی طور پر ایک ایسا ٹیکنالوجی مرکز ہوتا ہے جو سائنسی تحقیق کو تجارتی طور پر قابلِ عمل مصنوعات میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جامعات، محققین اور صنعت کاروں کو آپس میں جوڑتا ہے اور صنعتی پیداوار سے قبل ابتدائی نمونے تیار کرنے، ان کی آزمائش کرنے اور انہیں بہتر بنانے کیلئے سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ مثلاً الیکٹرانک آلہ تیار کرنے والی کوئی یونیورسٹی اپنی ٹیکنالوجی کی آزمائش اور اسے تیاری کے قابل بنانے کیلئے ایسی سہولت سے استفادہ کر سکتی ہے۔ اس سے ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، مقامی صنعتوں کو مدد مل سکتی ہے اور بالآخر ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیمی کنڈکٹر چپس انتہائی چھوٹے الیکٹرانک پرزے ہوتے ہیں جو موبائل فونز اور کمپیوٹرز سے لے کر گاڑیوں، طبی آلات اور دفاعی نظاموں تک مختلف ڈیوائسز کے دماغ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ڈیٹا سینٹر بنیادی طور پر ایک انتہائی محفوظ مرکز ہوتا ہے، جس میں طاقتور کمپیوٹرز معلومات محفوظ کرتے اور ڈیجیٹل نظام چلاتے ہیں۔ سرکاری محکموں کی جانب سے اس کے استعمال سے سہولتوں کی غیر ضروری تکرار کم ہو سکتی ہے، رابطہ کاری بہتر بنائی جا سکتی ہے اور سرکاری ریکارڈ کا تحفظ مضبوط ہو سکتا ہے۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025ء کے تحت قائم کردہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (پی ڈی اے) نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ساتھ مل کر ایک خودمختار سرکاری کلاؤڈ پر کام کر رہی ہے۔ عام پاکستانیوں کیلئے اس کا مطلب سرکاری دفاتر کے کم چکر لگانا، کاغذی کارروائی میں کمی اور درخواستوں پر تیزی سے کارروائی ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، محکمے بار بار فوٹو کاپیاں طلب کرنے کے بجائے الیکٹرانک طریقے سے شناخت اور متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق کر سکیں گے۔ پاکستان سرکاری ڈیجیٹل خدمات کے تحفظ اور تسلسل کو بہتر بنانے کیلئے تین مقامات پر مشتمل کلاؤڈ نظام بھی متعارف کرا رہا ہے۔ فروری 2026ء میں پی ڈی اے نے سوئٹزرلینڈ میں قائم ڈیفینیٹی فاؤنڈیشن کے ساتھ انٹرنیٹ کمپیوٹر پلیٹ فارم پر پاکستان کیلئے ایک مخصوص سب نیٹ تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس میں خودمختار کلاؤڈ انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت سے لیس سافٹ ویئر کی تیاری اور ایک آزمائشی قومی میسنجر ایپلی کیشن شامل ہے۔ حکومت سرکاری رابطوں کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ محفوظ اسمارٹ فون کے استعمال پر بھی غور کر رہی ہے، جس کا مقصد حساس گفتگو کا تحفظ اور عام تجارتی پلیٹ فارمز پر انحصار کم کرنا ہے۔ مصنوعی ذہانت کیلئے کمپیوٹنگ سہولتوں کی فراہمی بھی ایک اور ترجیح ہے۔ مصنوعی ذہانت کمپیوٹرز کو معلومات کا تجزیہ کرنے، مختلف نمونوں کو پہچاننے اور پیچیدہ کاموں میں معاونت فراہم کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اس کے ممکنہ استعمال میں ڈاکٹرز کو طبی تصاویر کے تجزیے میں مدد دینا، کسانوں کو فصلوں کی بیماریوں کی شناخت میں معاونت فراہم کرنا اور سرکاری محکموں کو درخواستوں پر زیادہ مؤثر انداز میں کارروائی کرنے کے قابل بنانا شامل ہے۔ یہ اقدامات مختلف مراحل میں ہیں۔ اسکائی 47؍ کی قراقرم زیرو ون سہولت کا افتتاح ہو چکا ہے، جبکہ تمام سرکاری اداروں کے درمیان ڈیجیٹل انضمام، مصنوعی ذہانت کیلئے کمپیوٹنگ صلاحیت میں توسیع اور 10؍ نیشنل کیٹاپلٹس کا وسیع تر نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے مزید اقدامات اور عمل درآمد درکار ہے۔ اگر ان منصوبوں پر کامیابی سے عمل درآمد ہوا تو یہ قومی سلامتی کو مضبوط بنانے، ہنرمند افراد کیلئے روزگار پیدا کرنے، سرکاری خدمات بہتر بنانے، کاروباری اداروں کی معاونت، ٹیکنالوجی کی درآمدات کم کرنے اور برآمدات بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ذریعے نے کہا کہ بالآخر اس کا مقصد پاکستان کو غیر ملکی ٹیکنالوجی کے ایک بڑے صارف سے ایسے ملک میں تبدیل کرنا ہے جو بتدریج اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کرنے، اس کا انتظام چلانے اور اسے برآمد کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکے۔