ڈبلن(نمائندہ خصوصی)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیکنالوجی میں بہتری لانے اور سسٹم کو فول پروف بنانے کے لئےپاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں فرنٹ فٹ نوبال کی ذمہ داری آزمائشی طور پر ٹی وی امپائرکو دینے کا اعلان کردیا۔گراونڈ میں موجود فیلڈ امپائر تاریخ میں پہلی بار نوبال نہیں دے گا۔تھرڈ امپائر ٹی وی ری پلے کی مدد سے فیلڈ امپائر کی کلائی پر بندھے پیجر کے ذریعے نوبال دے گا۔نئے فیصلے سے چند منٹ کی تاخیر ہوسکتی ہے تاہم آئی سی سی کا خیال ہے کہ اس نظام سے شفافیت آئے گی کیوں کہ اکثر فیلڈ امپائرز بیٹسمین پر توجہ دیتے ہوئے نوبال میں غلطیاں کر دیتے تھے۔یہ تجرباتی قانون صرف پانچ میچوں کے لئے متعارف کرایاجا رہا ہے۔آئی سی سی کے موجودہ قوانین کے مطابق فیلڈ امپائر بولرکی جانب سے ہونے والی فرنٹ فٹ نوبال کا فیصلہ دینے کا مجاز ہے جو بعض اوقات بیٹسمین کے آؤٹ ہونے پر بھی اثرانداز ہوجاتی ہے۔بیٹسمین کی جانب سے زوردار شاٹس مارنے کے باعث بولرز اور امپائر دونوں گیند لگنے کے خوف کا شکار تھے جس کے باعث نوبال کا فیصلہ مزید پیچیدہ ہوگیا تھا۔فیلڈ امپائر کی جانب سے فرنٹ فٹ نوبال کافیصلہ رواں سال فروری میں ایک دفعہ پھر موضوع بحث بن گیا تھا جب آسٹریلیا کے ایڈم ووگس کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے امپائر رچرڈ النگ ورتھ نے نو بال پر غلطی سے ناٹ آؤٹ قرار دیا اس وقت ووگس 7 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم اس فیصلے کے بعد انھوں نے 239 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی تھی۔ہفتے کو آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیلڈ امپائر ،تھرڈ امپائر کےکہنےپر ہی فرنٹ فٹ نوبال نہیں دے گا جبکہ اس کی آزمائش 24 اگست سے شروع ہونے والی پاک-انگلینڈ ون ڈے سیریز میں ہوگی۔اس سیریز کے بعد آئی سی سی یہ دیکھے گا کہ یہ نظام کس قدر کامیاب ہوسکتا ہے اور اس سے میچ میں کتنی تاخیر ہوسکتی ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تھرڈ امپائرز بولرکی جانب سے گیند پھینکنے کے بعد سیکنڈز میں نوبال کا فیصلہ لیتے ہوئے پیجر واچ پر میدان میں موجود امپائر سے رابطہ کرے گا اگر پیجر درست کام نہیں کررہاہو تو اس صورت میں نشریاتی ذرائع سے مطلع کرے گا۔آئی سی سی کے امپائرز اور ریفری منیجر ایڈریان گریفتھ کا کہنا تھا کہ ʼاس آزمائش کا مقصد یہ جاننا ہے کہ نوبال کا فیصلہ مزید واضح اور درست ہو جبکہ ٹی وی امپائر کے کام کی نوعیت معلوم کرنا ہے اور کھیل پر اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیناہے۔ان کا کہنا تھا کہ ʼاس آزمائش کو یقینی بنانے کے لیے میچ آفیشلز کو تربیت اور مکمل معلومات دی جائیں گے جس کے لیے آئی سی سی امپائرزاور میچ ریفریز کے لیے ساؤتھمپٹن میں اگلے ہفتے سیریز کے آغاز سے قبل پیر اور منگل کو ایک تربیتی نشست کا اہتمام کرے گی۔ایڈریان گریفتھ کا مزید کہنا تھا کہ ʼاس ٹیکنالوجی کی آزمائش کے نتائج سے آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا جو مستقبل میں اس کے نفاذ کے حوالے سے آئی سی سی کو سفارشات دے گی۔