• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیتن یاہو اقوامِ متحدہ کے دورے میں ٹرمپ سے ملاقات نہیں کریں گے: اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو — فائل فوٹو
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو — فائل فوٹو

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لیے نیویارک کا مختصر دورہ کریں گے، جہاں ان کی تقریر کا بنیادی مقصد اسرائیلی ووٹروں کی حمایت حاصل کرنا ہو گا۔

خطاب میں ایران کے ساتھ جنگ اور امریکی صدر کے ساتھ قریبی تعاون پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اسرائیلی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ نیتن یاہو آج امریکا کے لیے روانہ ہوں گے اور اقوامِ متحدہ میں خطاب کے فوراً بعد امریکی صدر سے ملاقات کیے بغیر اسرائیل واپس روانہ ہو جائیں گے۔

اخبار کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے کنیسٹ انتخابات میں تقریباً 1 ماہ باقی ہے، نیتن یاہو کی تقریر بنیادی طور پر اسرائیل کے ووٹروں کے لیے ہو گی، دوسری جانب نیویارک میں انہیں مخالفانہ ردِعمل کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاہو کے ملاقاتوں کے شیڈول کو خاصہ محدود قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ان کی اسرائیل کے حامی 2 رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں، تاہم رپورٹ میں ان رہنماؤں کے نام نہیں بتائے گئے۔

اسرائیلی اخبار نے دورے کی تیاریوں سے واقف ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی اقوامِ متحدہ میں تقریر ایک انتخابی مہم کی تقریر ہے جس کا بنیادی مقصد اسرائیل کے ممکنہ ووٹروں کو مخاطب کرنا ہے۔

واضح رہے کہ نیتن یاہو جمعرات کو اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بجے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جو اسرائیل میں پرائم ٹائم نشریات کا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید