امریکی ریاست مسوری میں 1 ماہ کی بچی کو اوون ڈال کر جان سے مارنے والی ماں کو 13 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ اور جیکسن کاؤنٹی کی عدالتی دستاویزات کے مطابق مسوری سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ خاتون ماریہ تھامس نے اعتراف کیا ہے کہ میں بچی کی موت کی ذمے دار ہوں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ فروری 2024ء میں کینساس سٹی میں پیش آیا تھا، ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو بچی کے جسم پر جلنے کے نشانات پائے گئے تھے اور اسے مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ماریہ تھامس نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ بچی کو سلانے کے لیے لے کر گئی تو غلطی سے اسے اوون میں رکھ دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماریہ تھامس نے الزام کی نوعیت سمجھتے ہوئے جرم قبول کر لیا اور کسی ذہنی بیماری کو جواز نہیں بنایا اس لیے عدالت نے اسے معاوضے کے طور پر ریاستی متاثرینِ جرم فنڈ میں 68 ڈالرز جمع کروانے کا حکم دیا جب کہ دیگر عدالتی اخراجات معاف کر دیے۔
رپورٹ کے مطابق ماریہ تھامس کو اب ریاستی جیل منتقل کیا جائے گا۔