• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی سی او سیالکوٹ نےسرکاری میڈیکل کالج کی لیبارٹری سربمہر کردی

سیالکوٹ( نمائندہ جنگ )ہسپتال ڈے کے موقع پرڈی سی او سیالکوٹ نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے اچانک دورہ کے دوران گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کی لیبارٹری میں حفظان صحت کے اصولوں کے منافی جاری پریکٹس پر لیبارٹری کوسربمہر کرنے کے ساتھ گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کے پرنسپل ظفر علی چوہدری سے فوری وضاحت طلب کرلی ۔ ہسپتال ڈے کے موقع پر ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل جب گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ تو میڈیکل کالج کی لیبارٹری کا عملہ مریضوں کو راستے میں بیٹھا کر ان کے خون کے نمونہ جات لے رہا تھا۔ جبکہ لیبارٹری کے اندر سینٹری ورکرز بیٹھے تھے جس پر ڈی سی او نے کہاکہ متعدد بار میڈیکل کالج اور ہسپتال انتظامیہ کو تحریری طور پر کلیکشن سنٹر کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی جاچکی ہے لیکن میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں اقدامات نہ کرنا باعث تشویش ہے حالانکہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ اور گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کا فنڈ اربوں کیا جا چکا ہے مگر مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ڈی سی او نے کہا کہ ہسپتال کی لیبارٹری حفظان صحت کے اصولوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے مریضوں کے نمونہ جات راستوںمیں بیٹھا کرلینے سے مزید بیماریاں پھیلا رہی ہے ۔ ڈی سی او نے ہسپتال میں کلیکشن سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات کو نظر انداز کرنے پر پرنسپل میڈیکل کالج ظفرعلی چودھری سے وضاحت طلب کرلی اور لیبارٹری کو سربمہر کردیا۔ ڈی سی او نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام النا س کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت کی باقاعدگی سے انسپکشن کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کو فری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب تمام مطلوبہ وسائل مہیا کررہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلہ میں غفلت اور لاپروائی برتنے والے افسران اور ملازمین کا محاسبہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد فیض، ڈی ایم او سیالکوٹ اور ڈاکٹر نیلم طارق بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین