متحدہ عرب امارات کی دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کے ایک پائلٹ نے دوسرے پر چاقو سے حملہ کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور پائلٹ نے جہاز کا کنٹرول اپنے قبضے میں لینے اور جہاز کو گرانے کی کوشش کی، جہاز کو تقریباً پندرہ ہزار فٹ نیچے لے آیا۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ جہاز کے زخمی پائلٹ نے ہاتھا پائی کے دوران ہنگامی صورت حال اور ہائی جیکنگ کا پیغام کنٹرول ٹاور کو پہنچا دیا۔ جہاز میں موجود مسافروں کے مطابق اس دوران طیارے میں چیخ و پکار مچ گئی، ایسا محسوس ہوا کہ جہاز کنٹرول سے باہر ہوگیا، کچھ مسافر عملے کی مدد سے کاک پٹ میں داخل ہوئے تو وہاں خون بکھرا ہوا تھا اورحملہ آور پائلٹ نے ایک پائلٹ کو زخمی حالت میں فرش پر گرایا ہوا تھا۔
مسافروں اور عملے نے حملہ آور پائلٹ کو قابو کر لیا، کاک پٹ سے نکال کر سیٹ سے باندھ دیا، جبکہ زخمی پائلٹ کو بھی طبی امداد دی گئی، جہاز کو سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر دو ریلیف پائلٹس کی مدد سے ہنگامی لینڈ کروایا گیا۔ جہاز میں 100 سے زیادہ اسرائیلی مسافر سوار تھے، کچھ گھنٹوں بعد مسافروں کو متبادل پرواز سے تل ابیب پہنچا دیا گیا، اسرائیل نے اماراتی طیارے کے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ چاقو سے حملہ کرنے والا پائلٹ سعودی حکام کی حراست میں ہے، حملہ آور پائلٹ طیارے کے نظام کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
اماراتی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں جہاز کی ہنگامی لینڈنگ سے متعلق مزید تصدیق شدہ معلومات دستیاب ہونے پر جاری کی جائیں گی۔