اسرائیلی وزارت خارجہ نے زخمی بھارتی پائلٹ سمت مچھ چہار کی تصویر شیئر کر دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود سمت مچھ چہار نے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق کاک پٹ کا دروازہ کُھلنے پر مسافروں اور عملے نے معاون پائلٹ کو قابو کیا، پرواز میں سوار دیگر 2 پائلٹس نے طیارے کو سعودی عرب کے تبوک ایئر پورٹ پر اتارا۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیڈون ساعر نے اس معاملے پر اماراتی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
دریں اثناء دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے زخمی پائلٹ سمت مچھ چہار کا بیان سامنے آیا ہے۔
زخمی پائلٹ کا کہنا ہے کہ ساتھیوں، مسافروں، عملے، سب کا شکرگزار ہوں جو مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بطور پائلٹ میں نے اپنی ڈیوٹی انجام دی، شکر گزار ہوں کہ طیارہ باحفاظت لینڈ کر گیا اور مسافر محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کا بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ دبئی سے تل ابیب جا رہا تھا، جس میں 170 سے زائد افراد سوار تھے۔
مبینہ طور پر معاون پائلٹ نے کپتان پر چاقو سے حملہ کیا اور طیارے کو گرانے کی کوشش کی، جس کے بعد پرواز کا رخ شمال مغربی سعودی عرب کے شہر تبوک کی جانب موڑ دیا گیا۔
مسافروں اور عملے کے ارکان نے مبینہ حملہ آور کو قابو کر لیا، جبکہ طیارے میں موجود پائلٹوں کی ایک دوسری ٹیم نے طیارے کو باحفاظت اتار لیا، لینڈنگ کے بعد حملہ آور پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔