شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)ڈسٹرکٹ میرج ہالز ایسوسی ایشن شیخوپورہ نے حکومت کی طرف سے شادی ہال کی بکنگ کے دوران پانچ فیصد ٹیکس لاگو کرنے کے اقدام کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام کسی بھی طور پر مفاد عامہ میں نہ ہے ، میرج ہالز مالکان بجلی کے بلوں کی مد میں 8فیصد ، میرج ہالز اور پارٹی پر 20فیصد اور پراپرٹی ٹیکس پر پہلے ہی 15فیصد اور سالانہ ایف بی آر کا ٹیکس ادا کررہے ہیں ،پانچ فیصد ٹیکس کے اس نفاذ سے سارا بوجھ عوام پر پڑے گا جو کسی بھی شادی بیاہ کی تقریب کی بکنگ کے وقت ان سے وصول کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ ٹیکس وصولی کا فیصلہ واپس لے وگرنہ شادی ہالز مالکان حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔