• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: باڈی بلڈنگ کلب لڑائی کے اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا، ویڈیو وائرل

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس 

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع باغپت میں جم کے اندر دو گروپوں کے درمیان لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جو جم سے باہر تک جا پہنچی۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق واقعہ باغپت کوتوالی کے علاقے اگروال منڈی ٹٹیری کے ایک جم میں پیش آیا، جہاں متعدد افراد ورزش کر رہے تھے کہ کسی نامعلوم معاملے پر دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔

باتوں باتوں میں معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا اور دونوں گروپوں کے افراد نے ایک دوسرے پر گھونسے اور لاتیں برسانا شروع کردیں۔ جم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید مناظر میں ورزش کا سامان موجود ہونے کے دوران متعدد افراد کو ایک دوسرے سے لڑتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ کچھ افراد دونوں فریقوں کو چھڑوانے کی کوشش کرتے رہے۔

باڈی بلڈنگ کلب کے اندر لڑائی پر قابو پا لیا گیا تاہم معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق کرشنا عرف کلّی نے اپنے ساتھیوں کو موقع پر بلایا، جس کے بعد جم کے باہر بھی دونوں فریقوں میں دوبارہ لڑائی ہوئی۔

باغپت پولیس نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ وکرانت کی جانب سے جم کے اندر کرشنا عرف کلّی کے ساتھ مار پیٹ کی گئی، جس کے بعد کرشنا نے اپنے ساتھیوں کو بلا کر وکرانت سے مار پیٹ کی۔ پولیس کے مطابق وکرانت شدید زخمی ہوا اور اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مدعی نریش کمار کی تحریر کی بنیاد پر باغپت کوتوالی تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جم میں معمولی تلخ کلامی کے بعد ٹریڈمل پر موجود ایک نوجوان کو متعدد تھپڑ مارے گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید