• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کی تحصیل رائیونڈ میں 2 سالہ بچہ گندے جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا

لاہور کی تحصیل رائیونڈ میں گندے جوہڑ نے ایک اور گھر کا چراغ بجھا دیا، دو سالہ فہد کھیلتے ہوئے جوہڑ میں جاگرا اور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

رائیونڈ کے محلہ اسلام آباد میں جوہڑ دو سالہ فہد کے لیے موت کا کنواں ثابت ہوا۔ فہد کھیلتے ہوئے گھر سے باہر نکلا، جوہڑ تک پہنچا اور اچانک پانی میں جا گرا۔ والدین غم سے نڈھال ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اکلوتا بیٹا تھا اس جوہڑ نے ہمارے ننھے پھول کی جان لے لی۔

اہلِ علاقہ کے مطابق یہ جوہڑ کافی عرصے سے موجود ہے، لیکن اسے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔ علاقے میں ڈرینج سسٹم ہی نہیں، گھروں کا پانی جوہڑ میں جاتا ہے ۔جب بچے کھیلتے ہیں تو دھڑکا لگا رہتا ہے۔

اہل محلہ کا کہنا ہے کہ معصوم فہد کی جدائی سے سب لوگ سوگوار ہیں، خدا سب کے بچوں کو محفوظ رکھے۔

گندے پانی کے اس جوہڑ نے ایک ماں کی گود اجاڑ دی، ایک گھرانے کی خوشیاں چھین لیں، یہاں کے مکین کہتے ہیں کہ وہ عرصہ دراز سے اس بدبودار ماحول میں سانسیں لے رہے ہیں، مگر کسی حکمران کو ان کی حالت پر ترس نہیں آتا۔

قومی خبریں سے مزید