پشاور میں گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فیصلہ کن اقدامات کا عزم کیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید آلات، اسلحہ اور ضروری وسائل فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پولیس کو بکتر بندگاڑیاں، ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کی جائے گی، دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا کے عوام کے تعلیم، صحت، معیار زندگی سے متعلق مسائل پر توجہ دی جائے گی، پسماندہ اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔