• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، عدم  صفائی اور مضر صحت پانی کی فراہمی سے صورتحال سنگین، شہریوں کا حتجاج

سکھر(بیورو رپورٹ) سٹیزن ویلفیئر آرگنائزیشن ضلع سکھر کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، شہریوں کو مضر صحت پانی کی سپلائی، سڑکوں پر سیوریج کا  پانی جمع ہونے کے خلاف قریشی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر محکمہ نساسک کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کی قیادت عمران شاہ، مصری خان چاچڑ نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے  کے لئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرنے کے باوجود شہر دن بدن کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور  نالیوں کا گندا پانی شہر کی تمام شاہراہوں پر آئے روز جمع ہوجاتا ہے۔ گندگی کے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں نمائش روڈ، قریشی روڈ، مدینہ کالونی، مائیکرویو، نیوپنڈ، پرانا سکھر، راہوجہ روڈ، گڈانی پھاٹک اور دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کی پائپ لائینوں کی لیکج کی وجہ سے شہر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی سڑکیں، گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث سڑکوں، گلی ، محلوں میں پانی جمع ہونا روز کا معمول بن چکا ہے۔بڑی تعداد میں نساسک میں انجینئرز بھرتی کئے گئے ہیں اس کے باوجود شہر کے سیوریج نظام کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔شہر میں پینے کے صاف پانی کے لئے آنے والی کلورین  اور  پھٹکری کا استعمال بھی نہیں کیا جارہا ہے اور شہری مضر صحت بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ نیب نے محکمہ نساسک میں کرپشن کی شکایت پر تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا تھا مگر اتنے ماہ گزرنے کے باوجود اب تک نیب نے بھی انکوائری مکمل نہیں کی اور  کرپشن کی تفصیلات سکھر کی عوام کے سامنے نہیں لائی جارہیں۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ نساسک سے کئے گئے معاہدے کو فوری طور پر ختم کر کے میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیا جائے اور شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے گا۔ 
تازہ ترین