امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے غزہ میں امداد کی ترسیل روکنے اور فلسطینی آبادی کو اجتماعی سزا دینے کی اسرائیلی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے بچے بھوک کا شکار ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کی انتہا پسند حکومت غزہ میں 20 لاکھ افراد کے لیے خوراک اور پناہ گاہوں کی فراہمی روک رہی ہے۔
امریکی سینیٹر نے اسرائیلی اقدامات کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کارروائیوں کے لیے امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم کا استعمال بند کیا جائے۔
برنی سینڈرز نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔