کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کے لیے خطرہ قرار دے دیا، امریکی صدر پر محنت کشوں کو نقصان پہنچانے کا الزام، انہوں نے عوام سے ری پبلکنز کو سینیٹ کنٹرول دینے سے روکنے کی اپیل کردی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر برنی سینڈرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا اور محنت کش خاندانوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے سے روکنا ضروری ہے۔ اپنے بیان میں ٹرمپ کو بدعنوان، خود پسند اور عادتاً جھوٹ بولنے والا قرار دیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ووٹ دے کر ری پبلکن پارٹی کو سینیٹ پر کنٹرول حاصل کرنے سے روکیں۔ سینڈرز نے یہ بیان ریاست مین میں ڈیموکریٹک امیدوار ٹرائے جیکسن کی انتخابی مہم کے تناظر میں دیا۔