ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی نگرانی میں ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق امیر حاتمی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک دشمن ایرانی عوام کے حقوق کا احترام نہیں کرتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک 3 بحری جہازوں کے علاوہ کسی دشمن جہاز نے بحیرۂ عمان میں داخل ہونے کی جرأت نہیں کی، جبکہ ان تینوں جہازوں پر ایرانی فورسز نے فائرنگ کی۔
ایرانی فوج کے سربراہ کے مطابق فیصلہ کن کارروائی کے بعد اب آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت انتہائی محدود ہو چکی ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن کا کہنا ہے کہ امریکی فوج اس اہم آبی گزرگاہ سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور اس کے علاقائی اتحادی آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتے ہیں، جبکہ پاسدارانِ انقلاب کی بلاجواز جارحیت کے باوجود تجارتی جہاز اس آبی گزرگاہ سے گزر رہے ہیں۔