بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو اجے دیوگن کی ٹیم نے ممبئی کے علاقے جوہو میں ان کی ملکیتی جائیداد کے ایک حصے کو منہدم کیے جانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد وضاحت جاری کی ہے۔ ٹیم کے مطابق بی ایم سی کے تمام قابل اطلاق قوانین پر مکمل عمل کیا جارہا ہے۔
اجے دیوگن کی ٹیم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ زیر بحث جائیداد اداکار کی رہائش گاہ نہیں بلکہ ایک علیحدہ جائیداد ہے، جسے کرائے پر دیا گیا ہے
بیان کے مطابق ہم نے اپنی ایک جائیداد کے حوالے سے ضروری اجازت ناموں کے لیے بی ایم سی کو درخواست دی ہے اور تمام قابل اطلاق قواعد، ضوابط اور ہدایات پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔ بی ایم سی کی جانب سے مطلوبہ ضروری تبدیلیاں، ترمیمات اور دیگر اصلاحات مکمل کر لی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریباً 7 ہزار 802 مربع فٹ پر محیط یہ جائیداد کپول کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ہے اور اس کی ملکیت اجے دیوگن اور ان کی والدہ وینا دیوگن کے پاس ہے۔ بی ایم سی نے 10 ستمبر 2026 کو نوٹس جاری کیا تھا، جس میں جائیداد میں غیر قانونی اضافوں اور تبدیلیوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
نوٹس میں مالکان کو فوری طور پر کام روکنے اور 24 گھنٹوں کے اندر مطلوبہ اجازت نامے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا تھا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں تعمیرات مالکان کے اپنے رسک اور اخراجات پر منہدم کی جا سکتی ہیں۔
6 اکتوبر کو جاری کیے گئے ایک تفصیلی حکم نامے میں متعلقہ افسر نے مالکان کا جواب مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کی قانونی حیثیت ثابت کرنے والی کوئی دستاویز یا مجاز اتھارٹی سے حاصل کردہ اجازت نامے پیش نہیں کیے گئے۔ نتیجتاً ان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انکے انہدام کی ہدایت جاری کی۔
اجے دیوگن ان دنوں اپنی مقبول تھرلر فلم سیریز کی تازہ ترین فلم دریشیم 3 کی باکس آفس پر کامیابی سے کافی خوش ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم نے ریلیز کے 16 دنوں میں 336.55 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا، جبکہ دنیا بھر میں اس کی مجموعی کمائی 500 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ انکے کیریئر کی سب سے بڑی اوپننگ بھی ثابت ہوئی۔
اجے کے آنیوالے منصوبوں میں روہت شیٹی کی فلم گول مال 5 بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ جگن شکتی کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن ایڈونچر فلم رینجر میں بھی نظر آئیں گے۔ جبکہ وہ ہدایتکار نیرج یادو کی فلم چوہان میں بھی شامل ہیں۔