ایکواڈور سے تعلق رکھنے والے دھڑ جڑے بھائی ہوزے لوئس سیوالوس اور ہوزے آرمانڈو سیوالوس 27 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ دونوں بھائی سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے حالات شیئر کرنے کے باعث شہرت رکھتے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں بھائیوں کے انتقال کا اعلان ان کی سوشل میڈیا ٹیم نے 15 اکتوبر کو انسٹاگرام پر کیا۔
قریبی دوست فرنینڈو کاریلو کے مطابق ہوزے لوئس کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت مستحکم کرلی تھی، تاہم چند منٹ بعد ہوزے آرمانڈو کو دل کا دورہ پڑا اور دونوں بھائی انتقال کرگئے۔
فرنینڈو کاریلو نے کہا کہ ہوزے آرمانڈو اپنے بھائی ہوزے لوئس کو بھی ساتھ لے گئے، دونوں ایک ساتھ پیدا ہوئے تھے اور ایک ساتھ ہی دنیا سے رخصت ہوگئے۔
دونوں بھائیوں کے بھائی دامیان سیوالوس کا کہنا ہے کہ ان کے والدین اس صدمے سے شدید متاثر ہیں اور ان کے جذبات بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
جڑواں بھائیوں کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنے پیغام میں ان کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خوشیاں، زندگی کی کہانی اور دوسروں کے دلوں میں پیدا کی گئی محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں بھائیوں کا پیغام ہمیشہ زندہ رہے گا کہ ارادہ مضبوط ہو تو راستہ نکل آتا ہے اور معذوری خوش رہنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔