صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اسی طرح کشمیر بھی پاکستان کے بغیر نامکمل ہے۔
آزاد کشمیر کے 79 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر دارالحکومت مظفر آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔
آزاد کشمیر کے صدر نجیب نقی نے اس موقع پر پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور عوام کی حمایت کشمیریوں کے لیے قابلِ قدر ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ قومی اتحاد اور مضبوط ادارہ جات ہی خوشحال ریاست کی بنیاد ہیں۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیرکا رشتہ جغرافیائی نہیں بلکہ اسلامی، نظریاتی اور روحانی ہے۔