• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی برآمدی صنعتیں طویل عرصے سے بحران کا شکار ہیں جسکی وجہ سے گزشتہ چند سالوں میں نہ صرف برآمدات میں نمایاں اضافہ نہیں ہو سکا بلکہ زیادہ تر بڑی صنعتیں جزوی بندش یا اپنی پیداواری استعداد سے کم پر چل رہی ہیں۔ اس کا لامحالہ اثر یہ ہوا ہے کہ گزشتہ تین، چار سال سے ملک میں ترقی کی شرح مسلسل تین سے چار فیصد پر رکی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں صنعتوں پر چھائے اس انجماد کے نتیجے میں بیروزگاری اور معاشی بحران کے باعث آبادی کا بڑا حصہ غربت کی لکیر سے نیچے جا چکا ہے اور محنت کش طبقے کے ساتھ ساتھ متوسط بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری طبقے کیلئے بھی روز مرہ کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ نہیں کہ دنیا میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی آئی ہے بلکہ اس بحران کی بنیادی وجہ مہنگی بجلی اور بلند شرح سود ہے۔ ان دو عوامل کی وجہ سے پیداواری لاگت میں اضافے کے سبب عالمی منڈی میں پاکستان کی مسابقت مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے اگر بجلی کی قیمت کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں انڈسٹریل ٹیرف اس وقت تقریبا 17 سینٹ فی یونٹ ہے جو خطے میں سب سے زیادہ ہے اور اس کا اعتراف وزارت پانی و بجلی کے وزیر خود پارلیمنٹ میں کر چکے ہیں۔ اس کے مقابلے میں بجلی کا فی یونٹ ریٹ بھارت اور ویتنام میں 6 سے 8 سینٹ اور بنگلہ دیش میں 9 سے 10 سینٹ ہے۔ ان حالات میں مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ جیسے جیسے کمرشل و گھریلو صارفین سولر انرجی پر منتقل ہو رہے ہیں اور ان کا نیشنل گرڈ پر انحصار کم ہو رہا ہے تو یہ نقصان بھی صنعتی صارفین سے پورا کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں صرف 2024ءمیں 17گیگا واٹ سولر پینل امپورٹ کیے گئے جبکہ سولر پینلز کی مجموعی درآمدات 50گیگا واٹ سے بھی تجاوز کر چکی ہیں۔ حکومت کی طرف سے اس رجحان کی حوصلہ شکنی کیلئے نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کے باوجود لوگوں میں سولر انرجی پر منتقل ہونے کے رجحان میں کمی نہیں آئی۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سولر انرجی کی فی یونٹ اوسط لاگت تقریباََ 5 سینٹ ہے جو کہ گرڈ کی نسبت دو گنا سے بھی زیادہ سستی ہے۔

اس صورتحال کے باعث کراچی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ جیسے صنعتی شہروں میں دن کے وقت سولر پیداوار گرڈ کی طلب سے زیادہ ہوتی جا رہی ہے کیونکہ گھریلو اور کمرشل صارفین دونوں گرڈ چھوڑ رہے ہیں جبکہ صنعتی صارفین کیلئے بھاری مشینری کے سبب یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ مکمل طور پر گرڈ چھوڑ دیں۔ اس صورتحال میں مہنگی بجلی اور بلند شرح سود کے باعث پیداواری لاگت میں ہونے والے اضافے سے بچنے کیلئے برآمدی صنعتیں اپنے پیداواری یونٹ مصر، ایتھوپیا اور ویتنام سمیت دیگر ممالک میں منتقل کر رہی ہیں۔ ڈیڑھ سے دو دہائی قبل بھی جب ملک میں بجلی اور گیس کا شدید بحران آیا تھا تو زیادہ تر سپننگ اور پروسیسنگ انڈسٹری بنگلہ دیش منتقل ہو گئی تھی۔ اب بھی اسی طرح کے حالات ہیں جسکی وجہ سے پاکستانی کمپنیاں مصر میں پہلے سے موجود پیداواری یونٹس میں توسیع اور نئی سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور اسے افریقہ کیلئےایکسپورٹ حب کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔ ان حالات کے باعث پاکستان میں توانائی کے موجودہ بحران کو ماہرین ’’یوٹیلٹی ڈیٹھ اسپائرل‘‘قرار دے رہے ہیں کیونکہ جب زیادہ بل دینے والے صارفین نیشنل گرڈ سے مکمل طور پر سولر انرجی پر شفٹ ہو جائیں گے تو گرڈ کے فکسڈ اخراجات کا بوجھ ان صارفین پر آ جائے گا جو نیشنل گرڈ سے بجلی لینے پر مجبور ہیں۔ اس طرح ٹیرف مزید بڑھتا جائے گا اور لوگ باامر مجبوری گرڈ چھوڑتے جائیں گے اور آخرکار نیشنل گرڈ بھی نجی بجلی گھروں کی طرح قومی خزانے پر ایک بوجھ بن جائے گا۔

دوسری طرف مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ دگرگوں معاشی صورتحال اور بحران کا شکار انڈسٹری کے بار بار مطالبوں کے باوجود اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو کم کرنے کی بجائے اس میں مزید 50 بیس پوائنٹس کا اضافہ کر دیا ہے جس سے شرح سود 12 فیصد ہو گئی ہے۔ اس فیصلے نے پہلے سے بحران کا شکار صنعتی حلقوں کی مایوسی میں مزید اضافہ کیا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی و کاروباری حلقوں کی وہ توقعات پوری نہیں ہوئیں جو معاشی جمود کے خاتمےکیلئے ضروری تھیں۔ بزنس کمیونٹی بالخصوص برآمدکنندگان کی جانب سے حکومت کو بارہا یہ باور کروایا جا چکا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے پاکستان کی شرح سود مسلسل خطے میں سب سے زیادہ چلی آ رہی ہے جسکی وجہ سے ایکسپورٹ انڈسٹری کو عالمی منڈی میں حریف ممالک سے مسابقت میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔

اگرچہ موجودہ حالات کسی طور بھی انڈسٹری کیلئے خوش آئند نہیں ہیں لیکن ان میں بہتری کیلئےاب بھی اقدامات کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ انرجی ٹیرف، شرح سود، ٹیکس ریٹ اور برآمدات پر اثر انداز ہونے والے دیگر عوامل کے حوالے سے غیر یقینی کی فضا ختم کی جائے۔ علاوہ ازیں برآمدات سے متعلق پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہئےکیونکہ برآمد کنندگان اسی وقت طویل المدت بنیادوں پر سرمایہ کاری کر سکیں گے جب انہیں یہ یقین ہو گا کہ پالیسیوں میں تسلسل جاری رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس کے نظام میں بھی اصلاحات ضروری ہیں تاکہ صنعتی حلقے کسی قسم کے خوف یا دباؤ کے بغیر کام کر سکیں۔ اسی طرح بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے بھی اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کے آنے سے پہلے بجلی، پانی، کسٹم، لیبارٹریز، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور قابل نفاذ معاہدے فراہم کرنے کی اہلیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین