• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگیں سرحدوں سےنہیں ہوتیں ،انسان کے اندر سے شروع ہوتی ہیں۔ زبان پر زہر اترتا ہے، نگاہوں میں اجنبیت آتی ہے،مکالمہ بند ہوتا ہے۔ چہرے پر دشمن کی تصویر ابھرنے لگتی ہے۔پھر توپیں گرجتی ہیں، تاریخ تعصب کا لباس پہنتی ہے اور مذہب سیاسی طاقت کا ہتھیار بننے لگتا ہے۔ برصغیر اسی خطرناک موڑ پر ہے۔ہندوپاک میں نئی جنگ کا اندیشہ موجود ہےاور سبب دونوں معاشروں خصوصاََ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا ہے۔

ہندوستان صدیوں کی تہذیبی داستان ہے۔ جہاں مندر کی گھنٹی اور مسجد کی اذان صدیوں سے ہمسائےہیں۔ کبیر کے دوہے، خسرو کی غزلیں، نانک کی باہنی اور خواجہ معین الدین چشتیؒ کی محبت اسی تہذیبی ورثے کا حصہ ہیں۔رواداری بھی ہے، تصادم بھی۔ محبت کی روشن مثالیں بھی اور مذہبی تعصب کے تاریک ابواب بھی۔ مگر آج مذہبی قوم پرستی کے بعض تصورات سے خطرات لاحق ہیں۔ اب وہاں ہر مذہب کا شہری یکساں عزت اور تحفظ کے ساتھ زندہ نہیں سکتا۔

انڈیا ہیٹ لیب کی جنوری 2026ءکی رپورٹ کے مطابق 2025ءمیں مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے 1318واقعات ریکارڈ ہوئے۔ ان میں 1289واقعات میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ 308تقاریر میں تشدد پر اکسانے والی باتیں ہوئیں، جبکہ 276میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں ہٹانے یا تباہ کرنے کے مطالبات سامنے آئے۔ یہ عبادت گاہوں کی حقیقی تباہی کے اعدادوشمار نہیں بلکہ نفرت انگیز مطالبات کا ریکارڈ ہے۔ تاہم یہ بھی معمولی بات نہیں ۔ زیادہ واقعات بی جے پی یا اس کے اتحادیوں کے زیرِ اقتدار علاقوں میں ریکارڈ ہوئے۔ وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل جیسی تنظیموں کا کردار بھی نمایاں رہا۔

اگرچہ بھارتی حکومت امتیازی سلوک کے الزامات مسترد کرتی ہے اور اپنے اقدامات کو قانون کے نفاذ سے وابستہ قرار دیتی ہے، مگر آزاد تحقیقات کے نتائج زیادہ بھروسہ مند ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے مسلمانوں کے گھروں، کاروباروں اور بعض مذہبی مقامات کے خلاف انہدامی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ بھارتی حکام نےانہیں تجاوزات کے خلاف قانونی کارروائی کہا۔کیا وہاں قانون کایکساں نفاذ ہے۔ گھر گرانے سےدیواریں نہیں خاندانوں کا اعتماد ٹوٹتا ہے۔ انصاف وہ ہے جو کمزور ترین شہری کو بھی میسر ہو۔اپریل 2025کا پہلگام حملہ ایک ہولناک سانحہ تھا۔ چھبیس بے گناہ انسانوں کا قتل قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان نے بھارتی الزام رد کیا۔مگر وہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ دہشت گردی کا انتقام پوری مذہبی برادری سے نہیں لیا جا سکتا۔ جرم کی ذمہ داری بے گناہ ہم مذہبوں پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ اجتماعی الزام انصاف کی نفی ہے۔

مئی 2025ءمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ فوجی تصادم نے خطے کو ایک بار پھر خطرے سے دوچار کیا۔پاکستان نے انڈیا کے سات جہاز گرائے پھرامریکہ کی مداخلت پرجنگ بندی ہوگئی، مگر اختلافات باقی رہے۔ کشمیر، دہشت گردی، پانی اور باہمی بداعتمادی کے مسائل آج بھی امن کی راہ میں حائل ہیں۔ اسٹمسن سینٹر اور چیٹم ہاؤس جیسے ادارے مستقبل کے تصادم کے خطرات کی نشان دہی کر چکے ہیں۔ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ میں کسی کی فتح ممکن نہیں۔قیمت دونوں طرف صرف عام انسان ادا کریں گے۔

جنگ کو روکنا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں۔اسے ہندوستانی مسلمانوں کے حقوق کی مؤثر حمایت کرنا ہوگی ۔برصغیر نے تقسیم کے زخم دیکھے ہیں۔ لاکھوں انسانوں کی ہجرت، اجڑے ہوئے گھر اور بچھڑے ہوئے خاندان ابھی اجتماعی حافظے سے محو نہیں ہوئے۔ ایسے خطے میں مذہبی نفرت کو سیاسی طاقت کا ذریعہ بنانا تاریخ کے زخم دوبارہ کھولنے کے مترادف ہے۔ قومیں اپنے دشمنوں کو شکست دے کر ہی عظیم نہیں بنتیں۔ وہ اپنے اندر موجود خوف اور تعصب پر قابو پا کر بھی عظمت حاصل کرتی ہیں۔

اگلی جنگ کوئی بھی جیتے انسانیت ہار جائے گی۔ جنگ ابھی سرحدوں تک نہیں پہنچی، مگر نفرت دلوں کی سرحدیں عبور کر چکی ہے۔ اسے روکنا صرف حکومتوں کی نہیں، ادیبوں، صحافیوں، دانشوروں اور ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔کیونکہ مسجد گرانے سے خدا نہیں گرتا، مندر جلانے سے عقیدہ نہیں جلتا، اور کسی انسان کو ذلیل کرنے سے کوئی مذہب عظیم نہیں ہوتا۔

مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ یورپ کےتمام ممالک میںصلح ہوسکتی ہے یہاں کیا مسئلہ ہے۔ میں کہتا ہوں ۔تخت ڈولتا ہے تو یہ محلوں میں بیٹھے ہوئے بزدل لوگ بارڈر پر آگ لگا دیتے ہیں مودی یہی کررہا ہے، اقتدار کی کرسی سرکتی ہے تو یہ قوم کے بیٹوں کی لاشوں سے اسے سہارا دیتے ہیں مودی یہی کررہا ہے، ان کی بادشاہت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو یہ پورے ملک کو جنگ کی بھٹی میں جھونک دیتے ہیں مودی یہی کررہا ہے۔ ایسے لوگوں کو نہ سرحدوں کی فکر ہوتی ہے نہ فوجیوں کے جنازوں کی، نہ ماؤں کی کوکھ اجڑنے کا غم نہ بچوں کے یتیم ہونے کا خوف انہیں صرف ایک ہی جنون ہوتا ہے کہ کسی طرح ان کا جھنڈا، ان کا نام، ان کی کرسی چار دن اور باقی رہ جائے۔ یہ جنگیں صرف مودی جیسے شخص کے اقتدار کی توسیع کیلئے، اس کی انا کی تسکین کیلئے، اس کے خاندان کی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے لڑی جاتی ہیں۔یہ طے ہے کہ اسرائیل انڈیا اور امریکہ کے جنگی جنون میں اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

تازہ ترین