ٹیکنالوجی کی دنیا میں حریف کمپنیوں کے درمیان مقابلے کے باوجود ایلون مسک نے گوگل کے نئے اے آئی ماڈل ’جیمنی 4 کاربن‘ کی تعریف کر دی۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئے اے آئی ماڈل کے اجراء کا اعلان کیا تو ایلون مسک نے ان کی پوسٹ پر مختصر مگر دلچسپ ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے صرف ایک لفظ لکھا کہ ’Impressive‘ یعنی یہ متاثر کن ہے۔
ایلون مسک کے تعریف کرنے پر سندر پچائی نے بھی ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
گوگل کے مطابق ’جیمنی 4 کاربن‘ کمپنی کا اب تک کا سب سے طاقت ور اے آئی ماڈل ہے، جسے خاص طور پر سائبر سیکیورٹی، پیچیدہ سافٹ ویئر انجینئرنگ اور طویل دورانیے پر مشتمل تکنیکی کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ ماڈل سافٹ ویئر میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے، اس بات کا اندازہ لگانے کہ ان خامیوں سے سائبر حملہ ممکن ہے یا نہیں اور انہیں دور کرنے کے لیے ضروری کوڈ تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ جیمنی 4 کاربن اپنے سابقہ ماڈل جیمنی 4 آرگن کے مقابلے میں محفوظ کوڈ تیار کرنے کی صلاحیت کے اندرونی ٹیسٹ میں دگنی سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔
تاہم یہ دعویٰ گوگل کے اپنے ٹیسٹوں پر مبنی ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ حقیقی دنیا میں بھی نتائج بالکل ایسے ہی ہوں۔
گوگل نے اس نئے ماڈل تک رسائی فی الحال محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ابتدائی مرحلے میں اسے ’فیئر وِنڈ پروگرام‘ کے تحت منتخب سائبر سیکیورٹی ماہرین اور اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ماڈل کو وسیع پیمانے پر متعارف کروانے سے پہلے اس کے حفاظتی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
اس احتیاط کی وجہ یہ ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے لیے استعمال ہونے والی یہی جدید صلاحیتیں غلط ہاتھوں میں پڑنے پر سائبر حملوں میں بھی استعمال ہو سکتی ہیں۔
گوگل نے ابتدائی طور پر اس ماڈل کی قیمت 2 ڈالرز فی ملین اِن پٹ ٹوکنز اور 10 ڈالرز فی ملین آؤٹ پٹ ٹوکنز مقرر کی ہے۔
