وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعے کو پیٹرول 15 روپے لیٹر مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بوجھ آئل ریفائنریز پر منتقل کر دیا گیا۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی۔ آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سخت ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر قیمت کو نہیں بڑھنے دیا گیا۔ اب تک 27 ارب روپے پیٹرول ریلیف کی مد میں دیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور انشورنس کے خرچے بڑھ چکے ہیں۔ چند دنوں میں ہوئے واقعات کی وجہ سے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق لاجسٹک مسائل اور انشورنس میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کروڑوں افراد پٹرول ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں، عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ریفائنریز کے ساتھ مل کر ڈیزل کیلئے کروڈ بیسڈ فارمولا طے کیا تھا۔ فیصلہ کیا گیا جمعے کو پیٹرولیم کی قیمتوں میں آنے والا 15 روپے اضافہ روکا گیا۔ ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفائنریز نے پٹرول کی قیمت میں 15 ارب روپے کا لوڈ خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرول پر ٹارگٹڈ ریلیف سے 13 ملین عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ پیٹرولیم پر پریمیم 10 سے 20 ڈالر فی بیرل بڑھ گیا۔ ڈیزل پر خام تیل کا فارمولہ لاگو ہے۔ مقامی ریفائنریز 30 فیصد پیٹرول بناتی ہیں۔ ریفائنریز کے مشکور ہیں کہ انہوں نے حکومت سے تعاون کیا۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ریفائنریوں نے منافع بھی بہت کمایا، عوام نے تیل کی قیمت کیلئے بہت مشکلات برداشت کیں۔ ریفائنریز پر ماہانہ 15 ارب روپے کا بوجھ آئے گا۔ حکومت کسی سے زیادتی نہیں کرے گی۔ حکومت عوام کا تحفط یقینی بنائے گی۔ ہمارا مقصد ڈی ریگولیشن کی طرف جانا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ فیول قیمتوں میں ڈی ریگولیشن کا سب سے بڑا حامی ہوں۔ خطے میں بدترین جنگ جاری ہے۔ چاہتے ہیں مشکل سے نکل کر ڈی ریگولیشن پر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال سے زیادہ تھا، پیٹرول کی قیمت میں عوام پر 15 روپے فی لیٹر بوجھ نہیں ڈال سکتے تھے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل گھڑی پر ریفائنریوں کیساتھ مل کر قابو پایا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن تھا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ دنیا بھر کی معیشت جنگوں سے متاثر ہے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی۔ مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے معاشی انڈیکیٹرز مثبت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت 15 روپے فی لیٹر بڑھنی تھی لیکن وہ بوجھ ریفائنریز نے اٹھایا۔ اب تک پیٹرول کی مد میں 27 ارب روپے کا ریلیف دے چکے ہیں۔ یہ بہت بڑا ریلیف ہے، اسکیم کامیابی سے جاری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امن کی کوششیں بھی جاری ہیں، امن آئے گا تو حالات معمول کی طرف لوٹیں گے۔ سبسڈی جاری ہے اور جو قیمت بڑھنی تھی وہ نہیں بڑھنے دی گئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل، رکشوں، چھوٹی گاڑی مالکان کو فیول ریلیف کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی۔ موٹر سائیکل، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے لئے ریلیف سکیم شروع کی گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہا مشکل وقت میں وزیراعظم کی کاوشوں کے تحت فیول کی سبسڈی اسکیم جاری ہے۔ فیول سبسڈی اسکیم کے لئے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے۔ حکمت عملی کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ روکا گیا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں والے صارف فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی نرخ پر تیل حاصل کر سکتے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، افواہوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے۔ بدترین وقت میں بھی کارگو آتے رہے ہیں، سپلائی یقینی بنائی گئی ہے۔