• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی بھارت فنڈنگ کر رہا ہے: طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری---فائل فوٹو
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری---فائل فوٹو

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی بھارت فنڈنگ کر رہا ہے، جو آزاد کشمیر میں انتشار پھیلا رہی ہے، یہ ہرگز حقوق کی تحریک نہیں بلکہ اسے مسلح تحریک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کالعدم کمیٹی کے گرفتار شر پسندوں سے تفتیش کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں، امتیاز اسلم کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت کے درمیان رابطہ کاری کرتا ہے اور کمیٹی کی کور کمیٹی کا رکن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے متعلق 2 پریس کانفرنسز کر چکے ہیں، 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو اسلحہ کشمیر لے جانا چاہتے تھے، شہزاد نامی شخص خوارج سے تعلق رکھتا ہے اور افغانستان کا رہائشی ہے۔

طلال چوہدری کے مطابق کمیٹی کے 37 مطالبات منظور کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود اسے مسلح تحریک میں تبدیل کیا جا رہا ہے، افغانستان میں موجود پراکسیز کے ذریعے کشمیر میں فساد پھیلایا جا رہا ہے جبکہ بھارت بھی اپنی پراکسیز کے ذریعے انتشار پھیلا رہا ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا ہے کہ کور کمیٹی کے رکن اسلم امتیاز کی افغانستان سے اسلحے کی ترسیل سے متعلق آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، آزاد کشمیر میں خودکار بندوقیں، اسنائپرز اور جدید اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جو بھی اس عمل کو سراہنے یا اس کی تشہیر کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، حقوق کے نام پر کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست اپنی طاقت استعمال نہیں کرنا چاہتی تھی، لیکن اب مزید انتظار سے نقصان ہو گا، غیر ملکی فنڈنگ سے یہ تحریکیں چلائی گئی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان پر قابو پایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے آزاد کشمیر کی حکومت کو ترقیاتی کاموں کے لیے مکمل اختیار دیا ہے، آزاد کشمیر حکومت جب چاہے پاکستان سے معاونت حاصل کر سکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید