پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیں اپوزیشن کی دعوت دینے سے پہلے خود تو اپوزیشن کر لے، نہ تو یہ پارلیمان میں اپوزیشن کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہے نہ پارلیمان کے باہر۔
نیئر بخاری نے پی ٹی آئی کی مشروط اتحاد کی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف نعرے بازی نہیں، سیاسی ایجنڈا لے کر آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا صرف بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ ہے، اب تو اس کے بس میں ہنگامہ آرائی بھی نہیں رہی، بلاول بھٹو نے تحریک انصاف کو قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت دے رکھی ہے، تاہم اس نے تاحال بلاول بھٹو کی دعوت کا جواب نہیں دیا۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی سے نئے صوبوں پر پالیسی وضاحت چاہتے ہیں، دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت صوبوں پر خاموش ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز صوبوں پر خاموش کیوں ہیں؟ پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں سے پالیسی وضاحت کا مطالبہ کر رہی ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ معاملہ پارلیمان میں آئے گا تو مسلم لیگ ن مؤقف دے گی۔
انہوں نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد یہ بیان دیا کہ صوبے بننے چاہئیں، پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے ان کے منشور کا حصّہ ہیں، معاملہ یہ ہے کہ نئے صوبوں کا طریقہ کار کیا ہو گا۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ صوبے ضرور بنیں لیکن آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق، معلوم نہیں نواز شریف اور شہباز شریف نئے صوبوں بننے کے معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ ن لیگ کے وزراء بھی کنفیوژن کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ سے پہلے کابینہ میں زیرِ بحث لایا جانا چاہیے تھا، اس معاملے پر آصف زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کی سوچ میں یکسانیت ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ابھی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ نہیں کیا، لیکن حالات کے تحت حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کی شناخت ہیں۔