فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع فیصل آباد کے امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا نے 21اکتوبر کو فیصل آباد میں ہونے والی ’’ مفتی محمود کانفرنس ‘‘کی تیاریوں کے سلسلے میں باوا چک ، گلفشاں کالونی ، نثار کالونی اور علامہ اقبال کالونی میں کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مخالف قوتیں اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش کر رہی ہیں۔ سی پیک منصوبہ گیم چینجر ہے اوراس کی تکمیل سے پاکستان کا شمار دنیا کے خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔ ملک کو ترقی کے راستے سے پیچھے دھکیلنے اور جمہوری حکومت کے خلاف بلاجواز احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو عوام پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں ۔ تحریک احتساب اور تحریک قصاص ملک میں انتشار اور افرتفری پھیلانے کی سازش ہے ۔ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری غیر ملکی ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں ۔