• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس صبح کی تاریخ دو ہزار انتیس بتائی جاتی رہی تھی، مگر اس کا پہلے طلوع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے وہ صبح جب دنیا کے ڈیجیٹل دروازوں کےتالوں کی چابیاں کسی اجنبی کے ہاتھ میں پہنچ چکی ہوں گی۔سائبیریا کی برف پوش وسعتوں میں کسی روسی تجربہ گاہ ،جہاں زندگی منفی درجۂ حرارت میں منجمد ہے، وہاں سائنس دان ایک ایسی مشین پر جھکے ہوئے ہیں جو انسانی تہذیب کے سب سے مضبوط ڈیجیٹل تالے کھول سکتی ہے۔ اسےکوانٹم کمپیوٹر کہتے ہیں۔ اگرچہ فیصلہ کن کامیابی کا مصدقہ ثبوت سامنے نہیں آیامگریہ منظر ایک حقیقی عالمی خوف کی علامت ہے۔شاید اسی خوف میں برطانیہ اپنے شہریوں کو مشورہ دے رہا ہے کہ گھروں میں تین دن کا پینے کا پانی، محفوظ خوراک، ضروری ادویات اور کچھ نقد رقم ضرور رکھیں۔ اکتوبر دو ہزار چھبیس میں شروع ہونے والی سرکاری ہنگامی تیاری کی مہم میں بجلی، پانی، مواصلات اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی خدمات کے متاثر ہونے کا خدشہ نمایاں ہے۔ حکومت نے اس ہدایت کو کسی مخصوص روسی کوانٹم کامیابی سے منسوب نہیں کیا۔لیکن برطانیہ میں پانی بجلی سے لے کر بینکوں تک تمام معلومات کمپیوٹرائز ڈہیں بلکہ دنیا بھر کےبینکوں میں موجود دولت، ہسپتالوں میں محفوظ طبی ریکارڈ، ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت، بندرگاہوں کا انتظام، بجلی اور پانی کی تقسیم، ریاستوں کی خفیہ مراسلت، سب ڈیجیٹل نظاموں کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔

کوانٹم کمپیوٹنگ کیا ہے؟ دراصل عام کمپیوٹر معلومات کو صفر اور ایک کی صورت میں استعمال کرتا ہے، جبکہ کوانٹم کمپیوٹر کیوبٹس اور کوانٹم طبیعیات کے غیر معمولی قوانین سے فائدہ اٹھاتا ہےاورمخصوص ریاضیاتی مسائل حل کرنے میں غیر معمولی صلاحیت کرلیتا ہے۔اس صلاحیت کی کوئی مقررہ تاریخ نہیں تھی۔ کوئی نہیں جانتا تھاکہ یہ حد کب عبور ہوگی۔ امکانی سال دوہزار انتیس تھا ۔اس دن کا نام کیو ڈے رکھا گیا۔اس دن کاسب سے خوفناک امکان یہ نہیں کہ تمام کمپیوٹر بند ہو جائیں گے۔ اصل خوف یہ ہے کہ کمپیوٹر حسبِ معمول کام کرتے رہیں گے مگر ان کے ذریعے قائم کیے جانے والے محفوظ رابطے پہلے جیسے محفوظ نہ رہیں گے۔یہ بھی ممکن ہے کوئی خفیہ ادارہ جو آج دنیا بھر سے خفیہ پیغامات کی محفوظ نقلیں جمع کر رہا ہے۔ وہ انہیں ابھی پڑھ نہیں سکتا، لیکن مستقبل میں کسی طاقتور کوانٹم کمپیوٹر کی مدد سے انہیں پڑھنے کے قابل ہو سکتا ہے۔ سائبر سیکورٹی میں اسے آج چرا لو، کل پڑھ لینا کہا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسی جاسوسی ہے جس میں چور موجودہ زمانے میں واردات کرتا ہے اور مستقبل سے اس کا انعام وصول کرتا ہے۔خدشہ یہ ہے کہ دنیا کو اچانک معلوم ہوکہ کسی نامعلوم طاقت کے پاس یہ صلاحیت آ چکی ہے تو کیا ہوگا۔نیویارک کے بینکوں، لندن کے مالیاتی اداروں، فرینکفرٹ کی منڈیوں اور ٹوکیو کے مواصلاتی مراکز میں ہنگامی اجلاس شروع ہو جاتے ہیں۔ فوجی ہیڈکوارٹر اپنے محفوظ رابطوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کمپنیاں ڈیجیٹل دستخطوں اور شناختی نظاموں کی جانچ شروع کرتی ہیں۔ بعض حساس خدمات احتیاطاً محدود کی جا سکتی ہیں۔ مسئلہ یہ نہیں کہ تمام دولت غائب ہوگئی ہے مسئلہ یہ ہے کہ کسی ڈیجیٹل حکم، کسی محفوظ پیغام یا کسی سافٹ ویئر کی اصلیت پر اعتماد کیسے قائم رکھا جائے۔یہاں سے بحران کا تعلق عام انسان کی زندگی سے جڑتا ہے۔جدید معاشرے میں رقم صرف جیب میں رکھا ہوا کاغذ نہیں، بینکوں کے کمپیوٹروں میں موجود حساب بھی ہے۔ خوراک صرف کھیت میں پیدا ہونیوالی فصل نہیں، اسے شہروں تک پہنچانے والے مواصلاتی، نقل و حمل اور ادائیگی کے نظام بھی ہیں۔ پانی صرف دریا سے نہیں آتا، اس کی صفائی اور تقسیم میں بجلی اور صنعتی کنٹرول کے نظام شامل ہوتے ہیں۔ اگر کسی بڑے سائبر بحران کے نتیجے میں ان خدمات میں خلل پیدا ہو تو اس کے اثرات انسانی زندگی تک پہنچ سکتے ہیں۔یہی وہ وسیع تر خطرہ ہے جس کے مقابلے میں حکومتیں شہریوں کو ہنگامی تیاری کی تلقین کرتی ہیں۔ تاہم کوانٹم خفیہ کاری کی شکست لازماً پانی، خوراک یا بجلی کی بندش پیدا نہیں کرے گی؛ اس کے لیے مزید حملوں، نظامی کمزوریوں یا عملی رکاوٹوں کا پیدا ہونا ضروری ہوگا۔دنیا اس خطرے سے بے خبر بھی نہیں۔ امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیکنالوجی نے دو ہزار چوبیس میں پوسٹ کوانٹم خفیہ کاری کے ابتدائی اہم معیارات جاری کیے۔ مقصد یہ ہے کہ دنیا پرانے تالوں کے ناقابلِ اعتماد ہونے سے پہلے نئے تالے نصب کر لے۔ مگر مشکل یہ ہے کہ عالمی انٹرنیٹ کوئی ایک عمارت نہیں جس کے تمام تالے ایک ہی رات تبدیل کر دیے جائیں۔ یہ اربوں آلات اور لاکھوں اداروں کا ایسا جال ہے جس میں نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ دہائیوں پرانی مشینیں بھی موجود ہیں۔سائبیریا کی تجربہ گاہ سے برطانیہ کے باورچی خانے تک پھیلا ہوا یہ خوف دراصل ایک ہی حقیقت کے مختلف اظہار ہیں: انسان نے اپنی تہذیب کو اتنا مربوط بنا دیا ہے کہ ایک شعبے کی غیر معمولی تبدیلی دوسرے شعبوں کے تحفظ پر سوال اٹھا سکتی ہے۔شایداس کہانی کا سب سے ہولناک پہلو یہ ہے۔اگر کبھی کسی ریاست نے واقعی ایسا کوانٹم کمپیوٹر بنا لیا جو موجودہ خفیہ کاری کے اہم نظام توڑ سکے، تو ضروری نہیں کہ وہ اس کامیابی کا اعلان کرے۔ ممکن ہے وہ خاموشی اختیار کرے، کیونکہ بعض رازوں تک رسائی کی طاقت کا سب سے بڑا فائدہ اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب دنیا کو اس طاقت کی موجودگی کا علم نہ ہو۔اس صبح سورج معمول کے مطابق طلوع ہوگا۔ لندن میں دکانیں کھلیں گی، نیویارک میں کاروبار شروع ہوگا، بچے اسکول جائیں گے اور دنیا کو بظاہر کچھ تبدیل ہوتا محسوس نہیں ہوگا۔مگر کسی نامعلوم کمرے میں بیٹھا ہوا ایک شخص شاید جان چکا ہوگا کہ انسانی تہذیب کے بعض انتہائی محفوظ سمجھے جانیوالے دروازوں کی چابیاں اب صرف انکے اصل مالکوں کے پاس نہیں رہیں۔اور شاید تاریخ کی سب سے خوفناک صبح وہی ہوگی جس کے طلوع ہونے کی خبر دنیا کو کئی برس بعد ملے گی۔یعنی ممکن ہے وہ طلوع ہوچکی ہو۔

تازہ ترین