لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات کی تحقیقات کے لیے طلب کرنے کے معاملے پر نیب کو 6ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم کے وکلاء افتخار شاہد اور جمال اشرف نے اعتراض اٹھایا کہ نیب نے عدالتی احکامات کے باوجود ان کے موکل راجہ پرویز اشرف کو نوٹس بھجوائے گئےہیں جن کو کوئی قانونی جواز نہیں تھا۔ درخواست گزار سابق وزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ نیب پانامہ لیکس پر تو خاموش لیکن ان کے موکل کو سیاسی طور پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ راجہ پرویز اشرف کو بھجوائے گئے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔