• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اذان کی آواز پر جاگااور دیر تک کنارِچشمہ ء ارمغانِ حجازعلامہ اقبال سے گفتگو کرتا رہا۔مجھے اس چشمے میں کبھی قرطبہ کے ستون دکھائی دیتے، کبھی اندلس کی محرابیں، کبھی بغداد کی خاک، کبھی لاہور کی گلیاں اور کبھی میانوالی کی اداس صبحیں، جن میں روشنی کسی اور گھر میں اترتی ہے۔جب اقبال نےکہاکہ’’فلسفی کوصرف سچائی نہیںجاننی،مسائل کاحل بھی تلاش کرنا ہے‘‘تومیں اٹھ کھڑا ہوااورفلسفہ اقبال پر لکھی ہوئی تمام کتابیں میانوالی میونسپل کمیٹی کی لائبریری میں دے آیا۔جہاں انقلاب کے کئی فلسفے منشی سیف اللہ نے بھاری بھرکم تالوں میں بند کررکھے تھے ۔الماریوں میں کتابیں کم اور خوابوں کے قیدی زیادہ دکھائی دیتے تھے۔ لکڑی کے ان تاریک خانوں میں مارکس کی بے چینی، لینن کا اضطراب، اقبال کی خودی اور جانے کتنے مفکروں کی بغاوتیں گرد کی تہوں میں سانس لے رہی تھیں۔ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے انسانی تاریخ کے تمام انقلابیوں کو عمر قید سنا کر کتابوں کی صورت ان الماریوں میں بند کر دیا گیاہو۔

میں زیادہ دیر اس عقوبت خانے میں نہ ٹھہر سکا۔مجھے معلوم ہو چکا تھا کہ فلسفی سچائی کی تلاش میں نکلا ہوا سائنس دان نہیں ہوتا۔ اقبال نے بتادیاتھا کہ تبدیلی کیسے ممکن ہے۔ انقلاب کیسے آسکتا ہےکہ جنہیں اطلس و کمخواب کے ملبوس پہناتے پہناتے ہم خود برہنہ ہو گئے ہیں ۔جن کی الماریوں میں سونے کی سلیں سجاتے سجاتےہماری اپنی تجوریاں سنسان ہوگئی ہیں۔جن کی جھولیاں بھرتے بھرتےاپنی جھولی خالی ہوگئی ہے۔جن کے جوتوںکی ایڑی کی ایک ایک قوس پر اس دھرتی نے اپنے بچوں کی تعلیم، اپنی بیٹیوں کے جہیز، اپنے مریضوں کی دواؤں اور اپنے بوڑھوں کی روٹی سے کاٹ کر کروڑوں ڈالر وار دیےمگروہ تو ربڑکے بنے ہوئے لوگ ہیں۔ٹوٹتے نہیں ہیں۔کبھی سکڑ جاتے ہیں اور کبھی کھنچ کر بڑے ہوجاتے ہیں ۔ اورضرورت پڑنے پر انقلاب کا فرغل بھی پہن لیتے ہیں ۔ماضی میں توخیرانتخابات سے پہلے تقریباًہرلیڈر اقبال کاانقلابی شعروں سے سج جاتا تھا۔

یہ بات کہتے تو ہم سب ہیں،پاکستان کوفکراقبال کی لہوسے لتھڑی جھیلیں ہی لازوال صبحیں دےسکتی ہیں ۔سرمایہ دار جنہیں اقبال نےذریّتِ ابلیس کہا۔

تری حریف ہے یارب سیاست افرنگ

مگر ہیں اس کے پجاری فقط امیر و رئیس

بنایا ایک ہی ابلیس آگ سے تُونے

بنائے خاک سے اس نے دوصد ہزار ابلیس

اقبال کا پاکستان تو اُس شاہین کی سرزمین تھی جس کی فطرت میں ذخیرہ اندوزی ہے ہی نہیں ۔جسے جاتی امرا اور سرے محل تو کجازمین پرکارِ آشیاں بندی بھی چوہوں کا کام لگتاہے، جس کا نشیمن وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے گنبدنہیں حقیقی آزادی کی فلک بوس چوٹیاں ہیں، جو آخری سانس تک عالمی بینکوں کے مردار بدن سے زندگی کی خیرات نہیں مانگتا۔جس کیلئے پلٹنا ، جھپٹنا جھپٹ کر پلٹنا ، لہو گرم رکھنے کا بس اک بہانہ ہے ۔جس نے کسی امریکہ سے کبھی اپنی غیرت کا سودا نہیں کیا۔جو کبھی زمین پرپرواز سے تھک کر نہیں گرا۔جسکی درویشی میں کوئی عیاری نہیں ،جسکی قلندری میں ملائیت نہیں ۔افسوس صد افسو س کہ یہ اقبال کے شاہینوں کی سرزمین پر چیلوں اور گدھوں کے سائے ہیں ۔دور تک صحرامیں آخری سانسیں لیتے ہوئے بھوکے پیاسے مسافر پر منڈلاتے ہوئے گدھوں کا منظر نامہ ہے۔امریکی تماش بینوںمیں گھرےہوئے ڈالروں کے طلب گار ہیں ۔طالبان سے کوڑے کھاتی ہوئی آوارہ لڑکی ہے۔ طلبِ زر کی قربان گاہ سے ملحقہ قبرستان ہے۔اب یہ اقبال کے نغموں اورزمزموں کی نہیں آہوں ، کراہوں اور چیخوں کی بستی ہے ۔یہاں صبحِ عید بھی اب شامِ محرم جیسی ہوتی ہے

انقلابِ اقبال کہاں رہ گیا ہے ۔جس کھیت سے دہقاں کو میسر نہیں روزی ۔اس کھیت کے ہر خوشہ گندم کو کب جلایا جائے گا۔ مزدوروں ، مجبوروں،دہقانوں اوربے روزگاروں کا لہو سوزِ یقیں سے کون گرمائے گاجن کے اوقات بہت تلخ ہیں ،سرمایہ داری اور جاگیرداری کے نقشِ کہن کو مٹانے والے کہاںہیں۔یہ اربوں روپے کی تعمیر کردہ کوٹھیاں یہ کاخ ِ امرا کے فائیواسٹاردر و دیوار آخرکب گرائے جائیں گے۔جمہور کی سلطانی کا دورِمنور کہاں گم ہوگیا ہے۔کیوں غربت سے رہائی کا جذبہ اک شوخ علم نہیں بن رہا۔کب ڈوبے گا سرمایہ پرستی کا سفینہ ۔سونے کے قفس کی کڑیوں کو مجبور کیوں نہیں توڑ رہے ۔ہم کب تک روزِ مکافات کے منتظر رہیں گے ۔وہ جو مرمر کی سلوں سے ناخوش و بیزار ہے ۔اس کیلئے مٹی کا حرم بنانے والے ۔ اے دیدہِ امکان کو فروغ دینے والے ۔ اے وقت کے گھوڑے کے سوار۔ آ۔انتظاروں کے بین کرتے ہوئے نین پتھرا گئے ہیں کہ ابھی وہ رات کے زنداں میں ہے۔

اے سوارِ اشہبِ دوراں بیا

اے فروغِ دیدہ ء امکاں بیا

تازہ ترین