• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر نیاز احمد اختر صاحب! آپ نے اپنے مضمون میں بجا فرمایا کہ جدید ٹیکنالوجی پاکستانی نوجوان کیلئے امید کا ایک نیا دریچہ کھول رہی ہے، مگر میری گزارش ہے کہ محض دریچہ کھل جانے سے روشنی گھر میں نہیں اترتی۔ روشنی کو راستہ بھی چاہیے۔ کسی قوم کی تقدیر اس بات سے نہیں بدلتی کہ اسکے نوجوان کتنی نئی ٹیکنالوجیوں کے نام جانتے ہیں۔ تقدیر تب بدلتی ہے جب ان کے ہاتھوں میں اوزار ہوں، قدموں کے نیچے زمین ہو اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں ڈھالنے والا کوئی نظام بھی موجود ہو۔ ورنہ امکانات کے آسمان پر چمکتے ہوئے ستارے زمین پر بھٹکتے ہوئے مسافروں کو منزل نہیں دیا کرتے۔

یہ بتانا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل بدل دے گی، یقیناً خوش آئند ہے، مگر اس سے کہیں زیادہ ضروری یہ بتانا ہے کہ وہ اپنے پرانے لیپ ٹاپ، محدود انٹرنیٹ اور خالی جیب کے ساتھ اگلے تین مہینوں میں اپنی روزی کیسے کمائے گا۔ اس کے گھر کا بجلی کا بل کیسے ادا ہوگا، اس کی بہن کی تعلیم کیسے جاری رہے گی اور اسکے بوڑھے باپ کی دواؤں کا بندوبست کیسے ہوگا؟ ترقی کے تمام فلسفے جب زندگی کے ان معمولی دکھوں کے سامنے آتے ہیں تو ان کی اصل قیمت معلوم ہوتی ہے۔ بھوک کے سامنے مستقبل کی روشن تصویریں بھی کبھی کبھی محض دیوار پر لٹکے ہوئے خوبصورت کیلنڈر بن جاتی ہیں۔

ہماراالمیہ ذہانت کی کمی نہیں، ذہانت کو معاشی قوت میں بدلنے والے نظام کی کمزوری ہے۔ نوجوانوں کی آنکھوں میں سیکھنے کی پیاس ہے، ذہنوں میں خیالات کی کہکشائیں ہیں، مگر انہیں کوئی یہ نہیں بتاتا کہ اپنے علم کو روزگار میں کیسے ڈھالیں۔ ہم نے یونیورسٹیوں کے دروازے تو کھول دیے، مگر ان دروازوں سے کارخانوں، کھیتوں، بازاروں اور عالمی منڈیوں تک جانے والی سڑکیں تعمیر نہیں کیں۔ چنانچہ نوجوان برسوں کی محنت کے بعد ایک ایسی سند لے کر گھر لوٹتا ہے جسے دیوار پر سجایا تو جاسکتا ہے، مگر جس سے روزگار کا کوئی بند دروازہ لازماً نہیں کھلتا۔

ایک مثال عرض کرتا ہوں۔ ایک تخمینے کے مطابق پاکستان کی یونیورسٹیاں ہر سال آٹھ سے دس ہزار نوجوانوں کو صحافت، ماس کمیونیکیشن، میڈیا اسٹڈیز اور متعلقہ شعبوں کی ڈگریاں دے کر عملی زندگی میں بھیج رہی ہیں۔ دوسری طرف اخبارات، ٹیلی ویژن، ریڈیو اور روایتی صحافتی اداروں میں ملازمتوں کی مجموعی تعداد بھی شاید دس ہزار سے زیادہ نہ ہو، اگرچہ اس کا کوئی مستند قومی شمار میرے سامنے نہیں مگرہولناک سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ہر سال اسناد لے کر نکلنے والے ہزاروں نوجوانوں کیلئے نئے روزگار کے کتنے مواقع پیدا ہورہے ہیں؟کیا یونیورسٹی کی ذمہ داری سند عطا کرنے کے ساتھ ختم ہوجاتی ہے، یا اس سند کو معاشی زندگی سے جوڑنا بھی اس کے فرائض میں شامل ہے؟ہمیں جامعات کے تصور ہی پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ یونیورسٹی محض علم کی تقسیم گاہ نہیں، معاشرے کے مسائل حل کرنے کی تجربہ گاہ بھی ہونی چاہیے۔ کیوں نہ ہر یونیورسٹی اپنے ضلع کے ہسپتالوں، اسکولوں، کھیتوں، کارخانوں اور سرکاری دفاتر سے ہر سال ایک سو ایسے مسائل جمع کرے جنہیں محدود وسائل اور جدید ٹیکنالوجی سے حل کیا جاسکتا ہو؟ کہیں مریض گھنٹوں قطار میں کھڑے ہیں، کہیں بجلی بے دریغ ضائع ہورہی ہے، کہیں کسان کو فصل کی بیماری کا علم اس وقت ہوتا ہے جب اس کی محنت خاک ہوچکی ہوتی ہے۔ طلبہ ان مسائل پر تحقیق کریں، ان کے عملی حل تیار کریں اور متعلقہ ادارے کامیاب تجربات کو معاوضے کے عوض اختیار کریں۔ یوں تعلیم محض امتحان پاس کرنے کا عمل نہیں رہے گی، زندگی بدلنے کا ہنر بن جائیگی۔ طالب علم ڈگری حاصل کرنے سے پہلے جان لے گا کہ علم کی قدر صرف کتاب میں نہیں، اس مسئلے کے حل میں بھی ہے جس کیلئے کوئی انسان قیمت ادا کرنے کو تیار ہو۔اسی طرح ہمیں نوجوانوںکیلئے عالمی منڈی کے دروازے کھولنے ہوں گے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سافٹ ویئر، ڈیزائن، ویڈیو ایڈیٹنگ، اکاؤنٹنگ اور ڈیٹا تجزیے میں امکانات کی ایک وسیع دنیا موجود ہے، مگر صرف تربیتی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے سے اس دنیا تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ نوجوان کو یہ بھی سکھانا ہوگا کہ بین الاقوامی گاہک سے گفتگو کیسے کی جاتی ہے، کام کی قیمت کیسے مقرر ہوتی ہے، معاہدہ کیسے لکھا جاتا ہے، اعتماد کیسے قائم رکھا جاتا ہے اور محنت کا معاوضہ قانونی طریقے سے کیسے وصول کیا جاتا ہے۔ بیرونِ ملک کسی بڑی کمپنی میں ملازمت یقیناً کامیابی ہے، مگر لیہ یا راجن پور کے کسی کمرے میں بیٹھ کر دنیا کے کسی دوسرے کنارے پر موجود ادارے کو اپنی خدمات فروخت کرنا بھی کم اہم کامیابی نہیں۔ دنیا کی منڈی میں داخل ہونےکیلئے ہمیشہ سرحد پار کرنا ضروری نہیں ہوتا، کبھی کبھی صرف مہارت کو سرحد پار کرانا پڑتا ہے۔اس مقصد کیلئے ہر ضلع میں ٹیکنالوجی اور روزگار کا ایک مشترکہ مرکز قائم کیا جاسکتا ہے۔ نئی عمارتوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بجائے موجودہ کالجوں، لائبریریوں اور تربیتی اداروں میں کمپیوٹر، انٹرنیٹ، کاروباری رہنمائی اور مقامی اور بین الاقوامی صنعتوں سے رابطے کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر صاحب! آپ ساری یونیورسٹیوں کے چیئرمین ہیں ۔ پلیز اس پر کچھ غور کیجئے۔

تازہ ترین