عمومی تصور تو یہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد روس کے بجائے امریکہ کی طرف دوستی کاہاتھ بڑھانے کا فیصلہ نواب لیاقت علی خان نے کیالیکن حقیقت یہ ہے کہ قائداعظم اپنی زندگی میں ہی امریکی کیمپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکے تھے او ر نواب لیاقت علی خان نے اس مشن کو آگے بڑھایا ۔ہمارے ہاںسابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ سمیت بہت سے لوگ تزویراتی گہرائی یعنی Strategic Depth کا نظریہ متعارف کروانے کا کریڈٹ لیتے رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ Startegic Depthکا یہ ڈاکٹرائن خود قائد اعظم نے متعارف کروایا۔سوویت یونین کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر استعمال کرنے اور اشتراکیت کے خطرے کے طور پر پیش کرکے امریکی امداد حاصل کرنے کا فیصلہ بابائے قوم کی زندگی میں ہی ہوگیا تھا۔ایم ایس وینکٹے رامانی نے اپنی کتاب The American Role in Pakistanمیں لکھا ہے کہ قائداعظم نے اپنے معتمد خاص میر لائق علی کو امریکہ روانہ کیا جنہوں نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر ایم اے ایچ اصفہانی کیساتھ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور 2ارب ڈالر قرض دینے کی درخواست کی ۔سب سے بڑی دلیل یہ تھی کہ مسلمان کسی صورت کمیونزم کیساتھ نہیں چل سکتے۔ پاکستان کی شمال مغربی سرحدسے سوویت جاریت کا خطرہ سروں پر منڈلا رہا ہے اور ان حالات میںبھارت کے دفاع کی ذمہ داری بھی پاکستان کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔امریکی حکام نے یہ منجن خریدنے سے انکار کردیا تو قائداعظم کے معتمد خاص میر لائق علی نے پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ 2ارب ڈالر نہیں دے سکتے تو مہاجرین کیلئےرضائیاں ہی دیدیں۔
بعد ازاںامریکہ کو کمیونزم سے ڈرا کر اپنی طرف مائل کرنے کا سلسلہ جاری رہا ،قائداعظم کے حکم پر ملک فیروز خان نون نے اسلامی ممالک کے دورے کئے اورانقرہ میں امریکی سفارتخانے جا کرپرانی بوتل میں پرانی شراب پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اشتراکیت کے سخت خلاف ہیں یہی وجہ ہے کہ پنڈت نہرو نے تو ماسکو میں اپنی بہن کو سفیر لگا رکھا ہے اور دہلی میں بھی روسی سفارتخانہ موجود ہے مگر اسکے برعکس نہ تو کراچی میں روس کا سفارتی عملہ موجودہے اور نہ ہی پاکستان نے ماسکو میں سفارتخانہ بنایا ہے۔ وزیر خزانہ غلام محمد بھی اپنی سی کوشش کر چکے تو قائداعظم نے امریکی سفیر پائول ایچ النگ سے ملاقات کرکے بذات خود تزویراتی گہرائی کا ڈاکٹرائن سمجھانے کی کوشش کی اوردعویٰ کیا کہ صورتحال اس قدر مخدوش ہے کہ قلات اور گلگت میں روسی ایجنٹ موجود ہیں ۔
اس دوران امریکی صدر ہیری ٹرومین نے پاکستان کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کو امریکہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تووزیراعظم نواب لیاقت علی خان نے اسے سبکی تصور کیا اور امریکہ کی توجہ حاصل کرنے کیلئے ایک تیر بہدف نسخہ آزمایا گیا۔تہران کے روسی سفارتخانے کے ذریعے اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ لیاقت علی خان روس کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔روسی صدر اسٹالن نے لیاقت علی خان کو ماسکو آنے کی دعوت دی جو قبول کرلی گئی مگر جب امریکہ کی طرف سےپاکستانی وزیراعظم کو سرکاری دورے پر بلانے کیلئے گرین سگنل مل گیا تو روسی صدر کی دعوت ٹھکرا دی گئی۔ محمد رضاکاظمی کی کتاب Liaqat ali Khan:His life and Workکے مطابق تب تہران میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کاکہنا ہے کہ روسی دعوت محض امریکہ کی توجہ حاصل کرنے کیلئے قبول کی گئی ۔
جب پاکستان امریکہ کی اگاڑی ریاست بننے کی کوشش کررہا تھا تو ایران بھی امریکہ کوکمیونزم کیخلاف اپنی خدمات پیش کرنے میں مصروف تھا۔مارچ 1956ء کو بغداد پیکٹ سے متعلق کراچی میں ہونیوالے اجلاس کے دوران شاہ ایران کی گورنر جنرل ہائوس میں امریکی وزیر خارجہ John Dullesسے ملاقات ہوئی تو شاہ نے ایران کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایران دنیا کے نقشے پر بہت اہم ملک ہے لہٰذا امریکہ اسے اپنا دفاع مضبوط بنانے کیلئے 75ملین ڈالر سالانہ امداد دے ۔امریکی وزیر خارجہ نے ، کہا ہر ملک کا یہی دعویٰ ہے ،حتیٰ کہ میزبان ملک یعنی پاکستان کا بھی یہی موقف ہے کہ وہ سوویت یونین کیخلاف بہت اہم مورچہ ہے ۔
بہر حال ،شاہ ایران کی امریکہ سے تمام تر قربت کے باوجود کمیونزم کیخلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ بننے کا اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا ۔پاک امریکہ تعلقات کی خشت اول تو قائداعظم کی زندگی میں ہی رکھی گئی مگر جوکاوشیں بانیان قوم کے دور میں کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکیں ،انہیں تین فوجی حکمرانوں نے بام عروج تک پہنچایا۔ایوب خان نے امریکہ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا، ضیاالحق نے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دی اور پرویز مشرف نے پاک امریکہ دوستی کو وسعت دی ۔کیا یہ محض اتفاق ہے کہ قیام پاکستان کے بعد اب تک پانچ امریکی صدور نے وطن عزیزمیں قدم رنجہ فرمایا،اور ان سب نے تب پاکستان آنا گوارہ کیا جب یہاں فوجی حکمران اقتدار پر قابض تھے۔ آئزن ہاور 7دسمبر1959ء کو غیر رسمی دورے پر کراچی آئے تو ایوب خان نے استقبال کیا ،ایوب خان کے دوراقتدار میں ہی 23دسمبر 1967ء کو لنڈن بی جانسن کراچی آئے ،یکم اور دو اگست 1969ء کو رچرڈ نکسن لاہور تشریف لائے تو جنرل یحییٰ خان برسراقتدار تھے،25مار چ 2000ء کو بل کلنٹن بادل نخواستہ ہی سہی ،جنرل پرویز مشرف کے عہد میں تشریف لائے ،3اور4مارچ 2006ء کو جارج بش نے پاکستان کا دورہ کیا تو فوجی ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشر ف نے انہیں خوش آمدید کہا۔ایوب خان ،ضیاالحق اور پرویز مشرف کے دور میں امریکہ کے مفادات اس خطے سے وابستہ تھے مگر موجودہ سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عہد میںکسی امریکی جنگ کا حصہ بنے بغیرجس طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توجہ حاصل کی گئی ،اسکی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔البتہ دیکھنا یہ ہوگا کہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکی صدر کی پوزیشن کمزور ہونے کے بعد پاکستان قصر سفید میں اپنی حیثیت کس طرح برقرار رکھ پاتا ہے ۔میری دانست میں اس حوالے سے کوئی بڑا چیلنج درپیش نہیں کیونکہ قصر سفید کا مزاج جی ایچ کیو اور پینٹا گان کے تعلقات سے متشکل ہوتا ہے۔