پاکستان کی سیاست میں شاید سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ سیاسی جماعتیں اپنے مؤقف تبدیل کرتی ہیں بلکہ یہ ہے کہ وہ اصولوں کا اطلاق اپنی ضرورت کے مطابق کرتی ہیں۔ جب سیاسی انتقام کا نشانہ کوئی مخالف ہو توچپ سادھ لی جاتی ہے اور جب وہی دباؤ اپنی طرف بڑھنے لگے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کا مطالبہ اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی حالیہ پریس کانفرنس اسی دہرے سیاسی رویے کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ محض دو بیانات نہیں بلکہ آنیوالے سیاسی تصادم اور نئی صف بندیوں کے ابتدائی اشارے ہیں۔
بلاول بھٹو آج سیاسی مکالمے کی بات کر رہے ہیں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور میڈیا پر پابندیوں کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ جب پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی اور قانونی کارروائیاں ہو رہی تھیں تو پیپلز پارٹی کہاں تھی؟ کیا اس وقت اسے سیاسی انتقام دکھائی نہیں دیا تھا؟ کیا اس وقت پارلیمان کی بالادستی اور میڈیا کی آزادی کے یہ اصول یادنہ تھے؟یہ وہی پیپلز پارٹی ہے جو پی ڈی ایم حکومت کا حصہ رہی۔ بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ رہے۔ اس حکومت کو قائم رکھنے اور اسکے سیاسی فیصلوں میں پیپلز پارٹی کا کردار موجود تھا۔ جب پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن ہوا اور اسکی قیادت مشکلات میں گھری تو پیپلز پارٹی نے اس وقت وہ مزاحمت کیوں نہیں دکھائی جسکا تقاضا آج وہ دوسروں سے کر رہی ہے۔ سیاسی مخالفین کیخلاف ہونیوالے اقدامات پر خاموش رہنا بھی ایک سیاسی فیصلہ ہوتا ہے۔
مسلم لیگ ن کا معاملہ بھی مختلف نہیں۔ پیکا قانون کیخلاف صحافیوں نے آواز اٹھائی۔ صحافیوں پر مقدمات بنے۔ میڈیا پر دباؤ بڑھا اور اختلافی آوازوںکیلئے گنجائش محدود ہوتی گئی۔ کئی اینکرز اور صحافیوں کو دباؤ اور پیشکشوں کے ذریعے خاموش کرانے کی شکایات سامنے آئیں۔ اس پورے عرصے میں حکومتی اتحاد کی جماعتوں نے پارلیمان میں وہ کردار ادا نہیں کیا جسکی توقع جمہوریت کے دعویداروں سے کی جاتی ہے۔ ستائیسویں آئینی ترمیم کے وقت بھی پارلیمانی عمل اور اتفاق رائے پر وہ سوالات نہیں اٹھائے گئے جو اب اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس وقت مبارک بادیں دی جا رہی تھیں اور آج اسی سیاسی عمل کو جبری اکثریت کا نتیجہ قرار دیا جا رہاہے۔ آخر یہ دوہرا معیار کب تک چلے گا؟
ملک محمد احمد خان نے اپنی پریس کانفرنس میں بلاول کے بعض نکات سے اتفاق بھی کیا لیکن سیاسی فیصلوں کے نتائج اور ریاستی ذمہ داری کا سوال بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی مکالمہ ضروری ہے مگر ہر گرفتار شخص کو سیاسی قیدی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ بات اپنی جگہ اہم ہے لیکن ان کی گفتگو کا ایک بڑا سیاسی پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے کو عوامی رائے سے جوڑ دیا۔ اب یہ بحث صرف انتظامی ضرورت تک محدود نہیں رہی بلکہ اس سوال تک پہنچ چکی ہے کہ صوبوں کے اندر اختیار کس کے پاس ہے اور وسائل پر فیصلہ کرنے کا حق کس کو حاصل ہے۔
خاص طور پر سندھ میں یہ سوال اب پہلے سے زیادہ شدت اختیار کر رہا ہے۔ چار دہائیوں سے زائد عرصے کی حکمرانی کے بعد یہ پوچھا جانا فطری ہے کہ اندرون سندھ کے شہریوں کو اختیارات اور وسائل میں ان کا حصہ کب ملے گا؟ کیا صوبائی خودمختاری کا مطلب صرف صوبائی دارالحکومت میں اختیارات کا ارتکاز ہے؟
کیا دور دراز علاقوں کے لوگ ہمیشہ اسی انتظامی محرومی کے ساتھ زندگی گزاریں گے؟ بڑے فارم ہاؤسز، سیاسی خاندانوں کی مضبوط گرفت اور اختیارات کے محدود مراکز کیخلاف پیدا ہونیوالی بے چینی کو سندھ کی شناخت پر حملہ قرار دے کر ختم نہیں کیا جا سکتا۔
یہاں پیپلز پارٹی کے سامنے اصل امتحان ہے۔ پنجاب میںنئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں تقسیم کی مخالفت کیلئے اسے واضح اصولی جواز دینا ہوگا۔ اگر عوامی رائے اہم ہے تو سندھ کے عوام کی رائے بھی اہم ہونی چاہیے۔ملک محمد احمد خان کا عوام سے رائے لینے کا خیال اسی لیے سیاسی اہمیت رکھتا ہے۔ البتہ ریفرنڈم آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں بلکہ عوامی خواہش جاننے کا ذریعہ ہو سکتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ آگے ہوگا کیا؟ توقع ہے کہ پیپلز پارٹی فوری طور پر حکومت سے علیحدگی اختیار نہیں کرئیگی بلکہ حکومت میں رہتے ہوئے اپنے لیے سیاسی راستہ الگ بنائیگی۔ بلاول پی ٹی آئی کے ساتھ مکالمے کی بات بڑھائیں گے اور خود کو مستقبل کے کسی ممکنہ سیاسی سمجھوتے میں اہم فریق کے طور پر پیش کریں گے۔ مسلم لیگ ن بھی اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی مگر سیاسی دباؤ بڑھنے پر اس کیلئے بھی اپنے فیصلوں کا دفاع مشکل ہوگا۔ دوسری طرف نئے صوبوں اور وسائل کی تقسیم کا سوال اب دبنے والا نہیں۔ یہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سب میں انتظامی اختیارات کی بحث کو آگے لے جا سکتا ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ اگر آج کوئی دباؤ آپ کی طرف بڑھ رہا ہے تو کیا آپ بھی اسی طرز عمل کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں جو کل آپ کے مخالفین کے ساتھ روا رکھا گیا؟ جب پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں ہو رہی تھیں تو آپ نے عوام کو نہیں پوچھا۔ صحافیوں پر پابندیاں لگیں تو آپ نے بھرپور آواز نہیں اٹھائی۔ آئینی ترمیم کے وقت آپ نے اختلاف اور اتفاق رائے کے تقاضے نہیں اٹھائے۔ اب جب اپنی سیاسی بقا کا سوال سامنے آیا ہے تو پارلیمان بھی یاد آ گئی ہے اور عوام کا اعتماد بھی۔پاکستان کو ری سیٹ کرنے سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اپنے رویے ری سیٹ کرنا ہوں گے۔ ورنہ آنیوالے دنوں میں نئی صف بندیاں تو بن جائیں گی مگر عوام یہ سوال ضرور پوچھیں گے کہ جب دوسروں پر وقت پڑا تھا تو آپ کہاں تھے؟