• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت سب پر ایک سا گزرتا ہے، زمانہ سب پر ایک سا نہیں اُترتا۔ ہم ایک ہی تاریخ کے اخبار پڑھتے ہیں، ایک ہی اذان پر جاگتے ہیں، مگر ایک ہی زمانے میں نہیں جیتے۔ یقین نہ آئے تو ایک ترقی یافتہ ملک، فرانس، کو آئینہ بنائیے اور پوچھئے کہ فرانس کس برس وہاں تھا جہاں آج ہمارا ہر طبقہ کھڑا ہے۔ سب سے امیر چالیس ہزار گھرانے آج کے اوسط فرانسیسی خاندان سے زیادہ کماتے ہیں، اور اُن کے بڑوں نے پندرہ برس تعلیم پائی ہے جب کہ اوسط فرانسیسی نے ساڑھے گیارہ برس۔یہ فرانس جانے کا خواب نہیں دیکھتے، فرانس سے بہتر رہتے ہیں۔

اگلے چار لاکھ گھرانوں کی آمدنی اور اوسط عمر ٹھیک اُتنی ہے جتنی 1979ء میں ایک فرانسیسی کی تھی۔ اوسط پاکستانی اُتنا کماتا ہے جتنا ایک فرانسیسی 1912ء میں کماتا تھا، اور نچلا چوتھائی حصہ ابھی انیسویں صدی میں کہیں آباد ہے۔ ایک ملک، ایک گھڑی، مگر زمانہ ایک نہیں۔ ترقی آئی ہے، مگر سانجھی نہیں آئی۔

مگر صاحب، یہ حساب آمدنی کا ہے، اور آمدنی گھر کے اندر رہتی ہے۔ اصل تماشا دہلیز پر ہے۔ ہمارے کسی پرانے خوش حال محلّے میں شام ڈھلے چلے جائیے۔ دالان میں سنگِ مرمر بچھا ہے، حوض میں فوارہ چھوٹ رہا ہے، اور گھاس یوں تراشی ہوئی ہے جیسے کسی نے قینچی سے مصرع موزوں کیا ہو۔ اب پھاٹک سے ایک قدم باہر رکھیے۔ وہی کھلی نالی، وہی اُدھڑی ہوئی سڑک، وہی اندھیرا جس میں راہ گیر اپنا راستہ ٹٹولتا ہے۔ ہمارے ہاں متوسط گھرانا بھی عمر بھر کی کمائی ایسے مکان پر لگا دیتا ہے جس کی پیٹھ نالے کی طرف ہوتی ہے۔ اور جہاں آسودگی زیادہ ہوئی، وہاں ہم نے چوک نہیں بنایا، پھاٹک بنا لئے ۔ پھاٹک والی بستیوں میں سڑک ہموار ہے اور پارک ہرا، مگر یہ چوک نہیں، بڑا دالان ہے، کہ اِس میں داخلہ پلاٹ کی قیمت سے ملتا ہےاور ناکے سے ایک قدم باہر پھر وہی شہر ہے۔ یورپ میں ترتیب اُلٹی ہے۔ گھر معمولی اور کمرے تنگ، مگر گلی کشادہ ہے، پارک کی گھاس سب کے لیے تراشی جاتی ہے، کھیل کا میدان ہر بچّے کا ہے، اور چوک اتنا صاف کہ آدمی بے تکلّف بیٹھ جائے۔ وہاں گھر غریب خانہ سہی، گلی امیر ہے۔ جو لوگ یہ دیس چھوڑ کر جاتے ہیں، وہ بڑا دالان ڈھونڈنے نہیں جاتے، چوک ڈھونڈنے جاتے ہیں۔ دالان کی ترقی ایک گھر کی ہے، چوک کی ترقی سانجھی۔

پھر یہ سانجھا چوک ہمارے ہاں بنتا کیوں نہیں؟۔ یہی چار لاکھ چالیس ہزار گھرانے کارخانے چلاتے ہیں، قانون لکھتے اور اُس کی تعبیر کرتے ہیں، اور ہر ادارے کی اونچی کرسی پر بیٹھتے ہیں؛ یہ درویش بھی اِنھی میں شامل ہے۔ ملک کے فیصلے وہ کرتے ہیں جن کے لیے ملک، نجی طور پر، کامیاب ہو چکا ہے۔ جس کی پیاس اپنے کنویں سے بجھ جاتی ہو، وہ شہر کی سبیل کی فکر کم ہی کرتا ہے۔ یہ بدنیتی نہیں، بے نیازی ہےاور بے نیازی بدنیتی سے زیادہ دیرپا ہوتی ہے۔ جس کا اپنا دالان سجا ہو، اُسے چوک کی ویرانی کب ستاتی ہے؟

تاریخ مگر یہ بتاتی ہے کہ گرہ جہاں پڑتی ہے، وہیں سے کھلتی بھی ہے۔ قوموں کی زندگی میں پائیدار تبدیلیاں اکثر اُسی اشرافیہ کے ہاتھوں آئیں جس نے مان لیا کہ اُس کی اپنی ترقی دائرہ کشادہ کرنے میں ہے۔ برطانیہ میں 1846ء میں زمینداروں کی جماعت کے سربراہ رابرٹ پیل نے وہ غلہ قوانین (Corn Laws) منسوخ کیے جو اُس کے اپنے طبقے کا لگان بچاتے اور غریب کی روٹی مہنگی رکھتے تھے۔ امریکی معاشی مؤرخ ڈگلس نارتھ نے یہی دکھایا کہ کثیر المشرب معاشرہ تب جنم لیتا ہے جب اشرافیہ قانون کی حکمرانی پہلے آپس میں قائم کرے، پھر اُسے سب تک پھیلانے میں اپنا نفع دیکھے (Douglass C. North, Violence and Social Orders, 2009)۔ ہمارے غلہ قوانین پہچاننا بھی مشکل نہیں،ٹیکس کی وہ چھوٹیں جو کسی خاص شعبے یا طبقے کے نام لکھی گئیںاور محصول کی وہ اونچی دیواریں جن کے سائے میں 75 برس سے نوزائیدہ کارخانے مقابلے سے بے نیاز پل رہے ہیں۔ جو پکی ہوئی روٹیاں بانٹنے میں مصروف ہوں، وہ نیا تنور نہیں بنا پاتے۔ دیوار دالان کی ہو یا محصول کی، چوک کو چھوٹا ہی رکھتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ اشرافیہ یہ دروازہ کیوں کھولے؟ اِس لیے کہ دیوار اُتنی اونچی نہیں جتنی دکھائی دیتی ہے۔ وہی چالیس ہزار گھرانے، جو آمدنی میں فرانس سے آگے ہیں، صحت کے معاملے میں فرانس سے نصف صدی سے زیادہ پیچھے ہیں۔ اُن کے بچے پانچ برس کی عمر سے پہلے اُس شرح سے مرتے ہیں جو فرانس میں 1968ء میں تھی۔ پیسہ فارم ہاؤس اور جنریٹر خرید لیتا ہے، مگر نلکے کا صاف پانی اور لاہور کے نومبر کی وہ ہوا نہیں خرید سکتا جو پھیپھڑوں میں اُترنے سے پہلے بینک بیلنس نہیں پوچھتی۔ مچھر پھاٹک پر دستک نہیں دیتا، اور وبا شجرہ نہیں دیکھتی۔ دیوار گلی کو روک لیتی ہے، شہر کے جملہ عیوب کو نہیں روک پاتی۔ ہوا اور پانی سانجھے ہیں، اور دانائی اِسی میں ہے کہ اشرافیہ یہ بات وقت پر مان لے۔

ابنِ خلدون نے مقدمہ میں مسعودی سے سترہ صدیاں پرانے ایران کی ایک حکایت نقل کی ہے۔ ساسانی شہنشاہ بہرام بن بہرام نے اُلّو کی آواز سنی اور دربار کے موبدِ اعظم موبذان سے پوچھا کہ یہ کیا کہتا ہے۔ موبذان نے عرض کی کہ ایک اُلّو دوسری اُلّو سے نکاح چاہتا ہے، اور دلہن حق مہر میں شہنشاہ کے عہد میں اُجڑے ہوئے بیس گاؤں مانگ رہی ہے۔ دولہا کہتا ہے، ظلِ سبحانی کے یہی دن رہے تو بیس کیا، ہزار دے دوں گا۔ پھر موبذان نے سلطنت کی زنجیر یوں گنوائی کہ تخت کی قوت مردانِ کار سے، مردانِ کار کی بقا مال سے، مال کھیتی سے، اور کھیتی عدل سے۔ شہنشاہ سمجھ گیا، اور درباریوں سے جاگیریں لے کر اُن کے اصل مالکوں کو لوٹا دیں۔ اُجڑے گاؤں اُلّو کا حق مہر ہوتے ہیں، کسی دربار کی اشرافیہ کا خزانہ نہیں۔

رہا یہ کہ ہماری اشرافیہ موبذان کی بات سنے گی یا نہیں، تو درویش کا گمان ہے کہ سنے گی، کیوں کہ یہ داؤ اُس کے اپنے مفاد میں ہے۔ یہ سودا خیرات نہیں، سرمایہ کاری ہے۔ پڑھا لکھا مزدور زیادہ پیدا کرتا ہے۔ تربیت یافتہ نرس اور ماہر ڈاکٹر وہی اسپتال چلاتے ہیں جس میں امیر کو بھی کسی رات تین بجے جانا پڑ سکتا ہے۔ ایسا نہ ہو تو صنعت، تجارت اور برآمد، سب کم ہنر کارکن اور خالی جیب گاہک کی دیوار سے جا لگتی ہیں۔ کوئی گھرانا اپنی گلی سے بہت اونچا نہیں اُٹھ سکتا۔ آگے ترقی سانجھی ہوتی ہے، یا ہوتی ہی نہیں۔

ترقی کا سانجھا چوک وہی بناتے ہیں جن کے دالان سجے ہوں۔وہ نہ بنائیں تو تاریخ ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھتی۔ جس دروازے کو ہاتھ نہیں کھولتا، اُسے کندھا کھولتا ہے۔ فرانس میں جیکوبنوں کے انتقام نے گلوٹین کو شہر کے چوک میں لا کھڑا کیا؛ چین میں ثقافتی انقلاب کے دس برسوں میں پڑوسی پڑوسی کا مخبر بنا اور شاگرد اُستاد کا منصف۔ دونوں بار گلی گلی دشمن یوں ڈھونڈا گیا جیسے کبھی یورپ جادوگرنیاں ڈھونڈتا تھا۔ ایسے دنوں میں چوک بنتا تو ہے، مگر اپنوں کے لہو سے۔ اور جو چوک لہو سے بنے، اُس میں بچّے نہیں کھیل پاتے۔

تازہ ترین