لندن(نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے گذشتہ روز اپنی تقریر میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بشمول آرمی چیف اور پاکستان کے خلاف الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی۔ایم کیو ایم رہنما واسع جلیل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے معافی نامے میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ’’وہ اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، مسلسل گرفتاریوں اور ان کی مشکلات دیکھ کر شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھے اور بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے ساتھیوں کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے انکا ذہنی تناؤ مزید بڑھ گیا‘‘ ۔معافی نامے میں ایم کیو ایم قائد کا کہنا تھا کہ انھوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے ساتھیوں سے ٹیلیفونک خطاب میں پاکستان کے خلاف جو الفاظ استعمال کئے، وہ انتہائی ذہنی دباؤ کے نتیجے میں کہے گئے۔ الطاف حسین نے کہا کہ شدت جذبات سے مغلوب ہوکر میں جو الفاظ ادا کر بیٹھا، وہ مجھے ہرگز استعمال نہیں کرنے چاہئے تھے۔