اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی سیاسی وعسکری قیادت نے ا س عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا۔ملک کی سلامتی ،وقار اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائےگااور اس کے منافی کام کرنے والے عناصر کیلئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔یہ انتباہ وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں دیا گیاجس میں وزیر خزانہ اسحقٰ ڈار ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹنٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل رضوان اختراور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے اجلاس کو قومی ایکشن پلان پر عمل درٓمد کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس کی سفارشات پر بریفنگ دی۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پا کستان مخالف تقریر پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر کسی کو کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔اجلاس نے زور دیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں شر پسند عناصر کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں۔بدھ کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور عمل درآمد کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے بین الصوبائی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیاجس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیر اعظم آزاد کشمیربھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں آرمی چیف اور وفاقی وزراء کے علاوہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سر برا ہان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بیس نکاتی قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو تیز اور موثر اور نتیجہ خیز بنا نے کیلئے حکمت عملی کی منظوری دی جا ئےگی۔