• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈین وزیرِ اعظم کا ٹرمپ پر طنز، ان کا ہم شکل اسٹیج پر بلا لیا

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مذاق اڑانے کے لیے انوکھا انداز اپناتے ہوئے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں ٹرمپ کا ہم شکل اسٹیج پر بلا لیا۔

یہ دلچسپ پرفارمنس 21 نومبر کو اوٹاوا میں ہونے والے سالانہ پارلیمانی پریس گیلری ڈنر کے موقع پر پیش کی گئی، جہاں سیاست دان روایتی طور پر ایک دوسرے اور اپنے اوپر طنز و مزاح کرتے ہیں۔

مارک کارنی نے اسٹیج پر اعلان کیا کہ میں ہنگامی طور پر مزاح کا بٹن دبانے جا رہا ہوں، جس کے بعد کامیڈین مارک مک کینی کینیڈین وزیرِاعظم کے روپ میں اسٹیج پر نمودار ہوئے۔

بعد ازاں کامیڈین مارک کرچ بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا روپ دھار کر اسٹیج پر آ گئے، انہوں نے ٹرمپ کے ہاتھ ہلانے کے مخصوص انداز، رقص اور زور دار مصافحے کی نقل اتاری۔

ٹرمپ کا روپ دھارنے والے کامیڈین نے فوری طور پر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان جاری تجارتی تنازع کو اپنے طنز کا موضوع بنایا۔

 انہوں نے مذاقاً کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک غیر معمولی تجارتی معاہدہ ہو سکتا ہے، لیکن اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

کامیڈین نے کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے سے متعلق ٹرمپ کے بار بار دیے جانے والے بیانات پر بھی طنز کیا۔

دوسری جانب مارک کارنی نے ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کی پرتعیش تزئین و آرائش کو بھی طنز کا نشانہ بنایا اور امریکی صدر کا موازنہ ایک انٹیریئر ڈیکوریٹر سے کیا۔

مارک کارنی نے تقریب کے دوران خود اور دیگر کینیڈین سیاست دانوں پر بھی طنزیہ جملے کسے، جبکہ اپنی تقریر کا اختتام آزادیٔ صحافت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید