امریکی شہری نے ایسا منفرد کارنامہ انجام دیا کہ کھیلوں کے شوقین افراد کے ساتھ پیزا کے دلدادہ لوگوں کو بھی حیران کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسٹیون ایرکسن نے امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں منعقدہ ولیمز روٹ 66 ہاف میراتھن میں شرکت کی۔
انہوں نے دوڑ کے آغاز سے اختتام تک 16 انچ کا پیزا باکس اپنے ہاتھ میں تھامے رکھا، یہ پیزا مقامی ریسٹورنٹ کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا، جبکہ اس کے ڈبے کو مشہور میوزک بینڈ میٹالیکا کے البم کور جیسا ڈیزائن دیا گیا تھا۔
اسٹیون ایرکسن نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ، 44 منٹ اور 40 سیکنڈ میں مکمل کیا، جو ان کے مقررہ ہدف 1 گھنٹہ 45 منٹ سے بھی کم تھا۔
ان کا مقصد پیزا اٹھا کر ہاف میراتھون مکمل کرنے کا تیز ترین وقت ریکارڈ کروانا ہے۔
اسٹیون ایرکسن نے سوشل میڈیا پر اس کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروانے کی کوشش کروں گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 21 کلومیٹر کی پوری دوڑ کے باوجود پیزا باکس بھی محفوظ رہا اور وہ اسے بحفاظت فنش لائن تک لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ اسٹیون ایرکسن کا عالمی ریکارڈ ابھی باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ان کی کوشش کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
اس سے قبل امریکی شہری مائیک کول ستمبر 2024ء میں 16 انچ کا پیزا اٹھا کر مکمل میراتھون 3 گھنٹے، 14 منٹ اور 4 سیکنڈز میں مکمل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر چُکے ہیں۔