وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایڈمن سوسائٹی کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے پر برہم ہوگئے۔
سید مراد علی شاہ نے گرنے والی عمارت پر ریسکیو کام کا جائزہ لیا اور انتظامیہ سے استفسار کیا کہ آخر یہ تعمیرات کیسے ہو رہی ہیں؟
افسر نے جواب دیا کہ تعمیرات پر اسٹے حاصل کرلیا جاتا ہے، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ قتل ہے، آپ ان کے خلاف کارروائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی، 6 منزلیں تعمیر کی گئیں، غیر قانونی تعمیرات کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ سرکاری افسران کی ملی بھگت کے بغیر اتنی بڑی غیرقانونی تعمیر ممکن نہیں، قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دلوا کر متاثرین کو انصاف فراہم کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مختلف ٹھیکیداروں کے کام کرنے کے باعث لاپتہ افراد کے حوالے سے مکمل وضاحت نہیں مل سکی، متاثرہ خاندانوں کی نشاندہی کے مطابق 10 کے قریب افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عمارت کا مالک، کنسلٹنٹ، ٹھیکیدار، ملوث سرکاری اہلکار سب قتل میں برابر کے شریک ہیں۔